کراچی: گلستان جوہر میں گھر میں فائرنگ سے 18 سالہ لڑکی جاں بحق
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں گھر میں فائرنگ سے 18 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی جبکہ اس کی 9ماہ کی بھانجی زخمی ہوگئی۔
فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی مقتولہ 18 سالہ دعا کی والدہ نے بتایا کہ دعا کو بچپن میں گود لیا تھا۔ہم کمرے میں تھے دعا کمرے سے باہر تھی۔ پٹاخے کی طرح کی آواز آئی اس کے بعد دیکھا تو دعا خون میں لت پت تھی اور میری 9ماہ کی نواسی انوشہ کے بازو سے بھی خون نکل رہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں زخمیوں کو یونیورسٹی روڈ پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ مشکوک ہے کیونکہ پہلے گھر والوں نے کہا گھر میں فائرنگ ہوئی ہے پھر کہا کہ گلی میں ہوئی،گھر میں یا گھر سے باہر فائرنگ کے نشانات یا شواہد نہیں ملے۔
پولیس کے مطابق گھر میں گولی کا کوئی خول نہیں ملا، مقتولہ کو گولی بھی قریب سے ماری گئی ہے۔