ہمارے رہنماوں کی ٹارگٹ کلنگ منظم سازش کا حصہ، مقصد بلوچستان کی جمہوری جدوجہد کو کچلنا ہے، رحمت صالح بلوچ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما بلوچستان اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر رحمت صالح بلوچ نے نیشنل پارٹی کے رہنماوں کی منظم ٹارگٹ کلنگ پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قتل و غارت ایک گہری اور منظم سازش کا حصہ ہے، جس کا مقصد بلوچستان کی جمہوری جدوجہد کو کچلنا اور عوام کو خوف میں مبتلا کرنا ہے،انہوں نے اپنے بیان میں کہا، یہ معمولی واقعات نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہیں۔ پہلے بھاگ میں اکبر بلوچ کو بے دردی سے شہید کیا گیا اور اب پنجگور میں ہمارے بزرگ رہنما عبدالغفور کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ سلسلہ واضح کرتا ہے کہ سماج دشمن عناصر ہماری سیاسی جدوجہد اور نظریاتی تحریک کو دبانے کے درپے ہیں انہوں نے انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان واقعات میں ملوث عناصر کو پکڑنے میں ناکامی اس بات کا ثبوت ہے کہ سیکورٹی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا، “یہ نااہلی نہیں بلکہ مجرمانہ خاموشی ہے۔ اگر انتظامیہ نے اپنی آنکھیں بند رکھیں تو ہم خود اپنے کارکنوں کی حفاظت کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار نہ کیا گیا اور ان کے پشت پناہوں کو بے نقاب نہ کیا گیا تو نیشنل پارٹی اور بلوچستان کے عوام احتجاج کی ایسی لہر پیدا کریں گے جسے دبانا کسی کے بس سے باہر ہوگا۔یہ خونریزی نہ ہمیں جھکا سکتی ہے اور نہ ہمارے عزم کو کمزور کر سکتی ہے۔ ہم اپنے شہدا کے خون کا حساب لیں گے اور ظالموں کو کیفرکردار تک پہنچا کر دم لیں گیانہوں نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان سازشوں کے خلاف متحد ہو جائیں اور جمہوریت دشمن عناصر کو شکست دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں