ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر حکومت اور عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں، مینا مجید
تربت(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز میڈم مینا مجید نے کہاہے کہ تخریب کاری کے خلاف عوام میدان میں نکلیں کیونکہ سڑکوں کی تعمیرمیں رکاوٹ عوام دشمنی کے سواکچھ بھی نہیں، تربت مند روڈ کی تعمیر ومرمت کی مشینری کونذر آتش کرنے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کی شام تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے تربت مند زبیدہ جلال روڈ پر سڑک کی تعمیراتی مشینری پر دہشت گردوں کے حملے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ 12 دسمبر کو روڈ کی مرمت کے دوران کمپنی کی گاڑیوں کو نذر آتش کرنا افسوسناک عمل ہے، اس کانقصان مند، تمپ اورتربت کے عوام کو ہے، ترقی کے راستے میں رکاوٹ عوام دشمنی ہے جس کا مقصد عوام کو بدحالی اورمشکلات میں دھکیل کر ان کی محرومیوں کوبڑھا کر انہیں ریاست سے بدظن کرانا ہے مگر ان کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہوں گے، عوام ایسے منفی عمل کے خلاف آواز اٹھائیں تخریب کاری کی مذمت کریں اور تخریبی عناصر کوپیغام دیں کہ اب خدا کیلئے بس کریں انہوں نے کہاکہ ہم کوشش کرتے ہیں عوام کی سہولت کیلئے اسکیم پاس کراتے ہیں مگر جب کام شروع ہوجاتا ہے تو دہشت گرد عوامی سہولت کے منصوبوں کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، انہوں نے کہاکہ میڈیا ترقی دوست پالیسی اپنائے،مثبت خبریں نشر کرے تاکہ معاشرے میں ترقی اور ہم آہنگی کا پیغام پھیلے، انہوں نے کہاکہ سڑکیں نہ ہونے سے عوام تکلیف میں ہوتے ہیں مریضوں کو کافی مشکلات درپیش ہوتی ہیں، ایک گھنٹے کا سفرچار گھنٹوں میں طے کرنا پڑ رہا ہے، میڈم مینا مجید نے مکران یوتھ فیسٹیول کی شاندار کامیابی کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ مکران یوتھ فیسٹیول کا کامیاب انعقاد یہاں کے نوجوانوں کیلئے مثبت پیغام ہے، نوجوانوں کیلئے مزید اقدامات اٹھارہے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں اس سلسلے میں یوتھ انڈوومنٹ فنڈز، یوتھ اسکالرشپ، یوتھ کارڈ لیپ ٹاپ اسکیم ودیگر منصوبے زیرغور ہیں، بلوچستان کے30ہزار مردوخواتین نوجوانوں کو تربیت دینے کے بعد بیرون ممالک بھیجاجائے گا انہوں نے کہاکہ سسی پنوں کا قلعہ ہمارا تاریخی ورثہ ہے جس کے تحفظ اور اسے سیاحتی مقاصد کیلئے کارآمد بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، اس کے علاوہ حالیہ پی ایس ڈی پی میں تربت ٹیچنگ ہسپتال میں آئی سی یو کیلئے اضافی سہولیات کی فراہمی، آرایچ سی مند کی چاردیواری اورمسنگ فیسیلیٹیز اور جامعہ تربت میں خواتین کے لیے کامن روم کی تعمیر، ملافاضل کلب مند کیلئے کمروں کی تعمیر،خواتین کیلئے سولر سسٹم کے منصوبے شامل ہیں انہوں نے کہاکہ کھیل کے شعبے کی بہتری میری ترجیحات میں شامل ہے نئے اسٹیڈیم تعمیرکرانے کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود اسٹیڈیم اور گراؤنڈز کو آبادکرنے پرتوجہ دی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شروع کیے گئے ہیں اور ان کی خود نگرانی کی جا رہی ہے،انہوں نے اعلان کیا کہ بلوچی زبان کو پرائمری سطح پر شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ بچے اپنی مادری زبان سے بہتر طور پر واقف ہوں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے مستقبل قریب میں روشن امکانات پیدا ہوں گے، مینا مجید نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ مثبت خبریں نشر کریں تاکہ معاشرے میں ترقی اور ہم آہنگی کا پیغام پھیلے، انہوں نے کہا کہ صحافت کی بڑی ذمہ داری ہے کہ عوام کے سامنے حقائق پیش کریں اور منفی عناصر کو بڑھاوا نہ دیں، انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ان کی کاوشوں کو سپورٹ کریں گے اور عوامی فلاح کے منصوبے مکمل ہوں گے۔