یورپ جانے والے تارکین وطن کی کشتی الٹ گئی،5 پاکستانی جاں بحق،درجنوں لاپتہ


گاؤڈوس(قدرت روزنامہ)انسانی اسمگلنگ کا ایک اور تباہ کن واقعہ یونان کے ایک جنوبی جزیرے کے قریب غیر قانونی تارکین وطن کو لے جانے والی کشتی الٹنے کے نتیجے میں پانچ تارکین وطن ہلاک ہوگئے۔درجنوں لاپتہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس المناک حادثےمیں پانچ پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ درجنوں لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کچھ زندہ بچ جانے والوں کو بچا لیا گیا ہے۔صدر مملکت آصف على زردارى، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کا ایکشن کا مطالبہ
وزیر اعظم شہباز شریف نے فوری انکوائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ ایک گھناؤنا جرم ہے جس سے معصوم جانوں کا ضیاع ہوتا ہے، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مضبوط اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔