پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قمیتوں کا اعلان، پیٹرول کی قیمت برقرار، ڈیزل سستا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے پیٹرول کی قیمت برقرار جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے کمی کا اعلان کیا ہے۔
اتوار کو وزرات خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت کو برقرار رکھا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے فی لیٹر کمی کی منظوری دی ہے۔
وزارت خزانہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت 252 روپے 10 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کے بعد نئی قیمت 255 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہوگی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لائٹ ڈیزل کی نئی قمیت 2 روپے78 پیسےفی لیٹر کی کمی کے بعد اب 148 روپے95 پیسے فی لیٹر ہوگی ۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کےمطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 32 پیسےفی لیٹرکمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کےتیل کی نئی قیمت 161 روپے66 پیسےفی لیٹر ہو گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق اتوار کی رات 12 بجے سے ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل حکام نے عالمی مارکیٹ میں شام میں حکومت کی تبدیلی کے باعث غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے اور ڈیزل کی قیمت میں کمی کا امکان ظاہر کیاتھا ۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر شام کی صورتحال جلد مستحکم ہوگئی تو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے 30 نومبر کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 72 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 29 پیسے اضافہ کیا گیا تھا۔