پاکستانی سائنسدان کو طب کے شعبے میں عالمی ایوارڈ سے نواز دیا گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون کے کوآرڈینیٹر جنرل ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو طب کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں شیخ زید انٹرنیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
اتوار کو کامسٹیک یونیورسٹی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو ہربل میڈیسن اور تعلیمی مہارت میں نمایاں کام کرنے پر شیخ زید انٹرنیشنل ٹریڈیشنل، کمپلیمنٹری اینڈ الٹرنیٹو میڈیسن (ٹی سی اے ایم) ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ ایوارڈ کی تقریب ابوظہبی کے ہوٹل بیچ روتانہ میں منعقد ہوئی، جہاں ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ روایتی ادویات کے فروغ اور صحت سے متعلق جدید طریقوں کو اپنانے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں عالمی ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق ’یہ ایوارڈ نہ صرف ان کی انفرادی کامیابیوں کا اعتراف ہے بلکہ صحت سے متعلق جدید طریقوں میں روایتی ادویات کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی انٹرنیشنل سائنس کمیونٹی کی جانب سے ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو متعدد باوقار اعزازات سے نوازا جا چکا ہے، جن میں ہلال امتیاز، ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز جیسے پاکستان کے سول اعزازات شامل ہیں۔
ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی شہرت حاصل ہے، جہاں انہیں چین کی جانب سے فرینڈشپ ایوارڈ اور گولڈن سلک بال فرینڈشپ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے۔
ہربل میڈیسن میں کامیابیوں کے علاوہ ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اسلامی تعاون تنظیم کی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون کے کوآرڈینیٹر جنرل اور وسطی اور جنوبی ایشیا کے لیے ورلڈ اکیڈمی آف سائنسز کے نائب صدر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں اور لندن میں رائل سوسائٹی آف کیمسٹری سمیت متعدد معتبر سائنسی اداروں کے فیلو مین ہیں۔
ان کی خدمات کے ایک اور ثبوت کے طور پر، چین میں ہنان یونیورسٹی آف میڈیسن نے حال ہی میں اپنی نئی افتتاح شدہ تحقیقی عمارت کا نام ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے نام پر رکھا ہے، جو صحت سے متعلق ان کی تعلیمی تحقیق اور خدمات کا ایک منہ بولتا ثبوت ہے۔