چینی کمپنی کراچی تا پشاور 3000 ای وی چارجنگ اسٹیشنز بنانے پر آمادہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی انرجی اسٹینڈنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ چین کے تعاون سے ملک میں 3 ہزار الیکٹرک وہیکل (ای وی) چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
کنوینر کمیٹی ملک خدا بخش نے بتایا کہ اس سلسلے میں انہوں نے ایک معروف چینی کمپنی اور حکومت پاکستان کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے تحت پشاور سے کراچی تک موٹر وے کے ساتھ ساتھ ای وی اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس معاہدے سے ملک میں تقریباً 350 ملین ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔
کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ آفس میں پاکستان کے الیکٹرک ٹرانسپورٹیشن سیکٹر میں پیش رفت کو اجاگر کرنے اور ایف وی فلیش چارجنگ اسٹیشن متعارف کرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک خدا بخش نے مزید وضاحت کی کہ ای وی اسٹیشنز کے قیام کے لیے ابتدائی سرمایہ کاری 90 ملین ڈالر کی ہوگی۔
ملک خدا بخش کا کہنا تھا کہ فروری 2025 میں مینوفیکچرنگ میں 250 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کی افتتاحی تقریب جلد منعقد کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ای وی چارجنگ اسٹیشنز کے قیام سے نہ صرف پاکستان میں ایندھن کی درآمدات میں کمی کی صورت میں ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کی بچت ہو گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔
پاکستان کے توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے حوالے سے ملک خدا بخش نے کہا کہ چینی سرمایہ کار نئی سرمایہ کاری کے لیے پاکستان آ رہے ہیں اور انہوں نے حکومت پاکستان، حکومت سندھ اور نجی شعبے سے سرمایہ کاری کے مواقع اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے حوالے سے تفصیلی بات چیت بھی کی ہے۔
کنوینر کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں توانائی کا شعبہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خاص طور پر تھر کول فیلڈ اور متبادل توانائی کے شعبوں میں پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے سرمایہ کاروں کو دستاویزات میں مدد اور زمین سے متعلق تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔