وزیر اعلیٰ مریم نواز کا دورہ بیجنگ، چینی کمپینیاں پاکستان میں کتنے ارب روپے کی سرمایہ کاری کریں گی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز چین کے کامیاب دورے کے بعد واپس وطن روانہ ہو گئی ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کے دورہ چین کو انتہائی کامیاب قرار دیا جا رہا ہے، جس میں چینی کمپنیوں نے صوبہ پنجاب میں 13 ارب روپے (تقریباً 50 ملین ڈالر) سے زیادہ کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مریم نواز شریف کا دورہ چین پنجاب کی اقتصادی ترقی اور بین الاقوامی شراکت داری میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ چین میں سرمایہ کاری کانفرنس کے دوران چینی کمپنیوں اور پنجاب حکومت کے درمیان آئی ٹی، ماحولیات اور گرین انرجی جیسے اہم شعبوں میں متعدد معاہدے کیے گئے ہیں۔
مریم نواز شریف کے دورہ چین کی ایک خاص بات چینی سرمایہ کاری فرم گوبی پارٹنرز کا وہ اعلان تھا، جس میں پنجاب میں 50 ملین ڈالر کے سرمایہ کاری فنڈ قائم کرنے کے منصوبے کا وعدہ شامل تھا۔ تقریباً 13.88 ارب روپے مالیت کے اس فنڈ کا مقصد خطے میں اسٹارٹ اَپس اور ایس ایم ایز کو فروغ دینا ہے۔
رپورٹس کے مطابق سولر این پلس اور پنجاب حکومت کے درمیان شمسی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ دریں اثنا، گوبی پارٹنرز اور بینک آف پنجاب نے اسٹارٹ اَپس اور چھوٹے کاروباروں کے لیے مالیاتی نظام کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کرنے والی شراکت داری پر بھی اتفاق کیا۔
ان معاہدوں کا مقصد کاروباری اداروں کو قرضوں، ایکویٹی سرمایہ کاری، مالیاتی مسائل کا حل اور اس سلسلے میں رہنمائی کے پروگراموں کے ذریعے مالی مدد فراہم کرنا ہے۔
چین میں کانفرنس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق گوبی فنڈ پنجاب میں کاروبار کو مضبوط بنانے، پائیدار ترقی کو یقینی بنانے اور صوبے کو ٹیکنالوجی اور انٹرپرینیورشپ میں علاقائی رہنما کے طور پر کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق کانفرنس کے دوران پنجاب کی مسابقتی اقتصادی مراعات جیسے ٹیکس چھوٹ اور اسپیشل انڈسٹریل زونز پر بھی روشنی ڈالی گئی جس سے صوبہ سرمایہ کاری کا پرکشش مقام بن گیا ہے۔
مزید برآں، پنجاب حکومت طویل مدتی، پائیدار شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے دیگر چینی کمپنیوں کے ساتھ بات چیت میں مصروف ہے۔ ان مذاکرات کے ایک حصے کے طور پر چینی کمپنیوں نے پنجاب میں شمسی توانائی کے جدید منصوبوں کی ترقی میں تعاون کرنے پر بھی اتفاق کیا، جو صوبے کے گرین انرجی اہداف میں حصہ ڈالیں گے۔
سولر این پلس پنجاب میں جدید شمسی ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں میں مقامی استعداد کار بڑھانے کے لیے ایک مرکز قائم کرنے پر توجہ مرکوز کرے گا۔