حکومت آئی پی پیز معاہدوں کی منسوخی کا فائدہ عوام کو پہنچائے ورنہ بھرپور تحریک چلائیں گے، حافظ نعیم الرحمان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پی) کے منسوخ شدہ معاہدوں کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے ورنہ حقیقی ریلیف فراہم نہ کرنے کے نتیجے میں نئے سرے سے احتجاج اور بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔
اتوار کو ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے زور دے کر کہا کہ احتجاج تمام سیاسی جماعتوں کا بنیادی حق ہے اور رائے عامہ کو دبانے سے پاکستان کبھی بھی صحیح سمت میں نہیں جا سکتا۔
حافظ نعیم الرحمان نے ملک میں موجودہ سیاسی صورت حال اور طریقہ کار کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مینڈیٹ کو اپنی من مرضی سے تبدیل کر کے حکمرانی کا رجحان انتہائی تشویشناک اور ملک کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، یہ طرز عمل جمہوریت اور عوامی امنگوں کی توہین ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے جماعت اسلامی کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ’ظالمانہ اور عوام کے دشمن آئی پی پیز معاہدوں‘ کی منسوخی کو یقینی بنائے گی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو اپنی ذمہ داری سے پیچھے ہٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ جماعت اسلامی حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انصاف، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی مسلسل وکالت کی وجہ سے جماعت اسلامی کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔ آج جماعت اسلامی عوام کی مؤثر اور مضبوط آواز ہے۔