مصنوعی ذہانت کی کمپنی اوپن اے آئی کا سابق محقق پراسرار طور پر مردہ پایا گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مصنوعی ذہانت کی کمپنی اوپن اے آئی کے سابق محقق سُچیر بالاجی پُراسرار طور پر مردہ پائے گئے۔
سُچیر بالاجی کی لاش 26 نومبر کو سین فرانسسکو میں ان کے اپارٹمنٹ سے ملی، پولیس نے پوسٹ مارٹم رپورٹ اور ابتدائی تحقیقات کے بعد موت کی وجہ خودکشی قرار دے دی۔
اوپن اے آئی میں 4 سالہ ملازمت کے بعد وسل بلور بننے والے 26 سالہ سُچیر بالاجی نے اوپن اے آئی کمپنی پر کاپی رائٹ قانون کی خلاف ورزی کا الزام لگایا تھا۔
سُچیر بالاجی کا کہنا تھا کہ اوپن اے آئی کمپنی نے چیٹ جی پی ٹی سافٹ ویئر کے لیے کاپی رائٹ ڈیٹا کا استعمال کیا جبکہ اوپن اے آئی کا مؤقف ہے کہ وہ انٹرنیٹ پر عوام کے لیے موجود ڈیٹا کا استعمال کرتی ہے۔
خیال رہے کہ امریکا اور کینیڈا کے کچھ پبلشرز، نیویارک ٹائمز اور مقبول لکھاریوں کا ایک گروپ بھی اوپن اے آئی پر ان کے آرٹیکل بغیر اجازت استعمال کرنے کے خلاف مقدمہ کر چکے ہیں۔