دہشتگرد حملے میں اے پی ایس پشاور کے بچوں کے قتل عام کو 10 سال ہوگئے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)آرمی پبلک اسکول پشاور میں 10 سال قبل سفاک دہشتگردوں نے علم کی پیاس بجھانے والے معصوم بچوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنایا، حملے میں معصوم طلباء سمیت 147 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔
16 دسمبر 2014 کو 6 دہشتگرد دیوار پھلانگ کر آرمی پبلک اسکول میں داخل ہوئے، جدید اسلحہ سے لیس اور سرکاری اہلکاروں کی وردیوں میں ملبوث دہشتگردوں نے علم کی پیاس بجھانے والے طلباء پر اندھا دھند گولیوں کی بوچھاڑ کردی تھی جس سے معصوم طلباء اور بے گناہ اساتذہ خون میں لت پت ہوگئے اور پھولوں کی خوشبو سے مہکتا اسکول چند ہی لمحوں میں بارود کی بو سے آلودہ ہوگیا۔
سکیورٹی فورسز نے فوری طور پر پہنچ کر اے پی ایس کا گھیراؤ کیا اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے 6 خودکش حملہ آوروں کو طویل آپریشن کے بعد مار ڈالا، درندہ صفت دہشتگردوں کے حملے میں 122 معصوم طلباء سمیت 147 افراد شہید ہوئے، دہشتگردوں سے مقابلے میں دو افسروں سمیت 9 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔
آرمی پبلک اسکول حملے میں ملوث 6 دہشتگردوں کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کیا جنہیں ملٹری کورٹس نے موت کی سزائیں سنائیں۔
سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا اور قبائلی علاقوں سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا گیا۔ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے نتیجے میں جہاں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ ممکن ہوا وہیں علم دشمن عناصر کے ناپاک ارادے بھی خاک میں مل گئے۔
سانحہ اے پی ایس نے بحیثیت قوم متحد کیا: صدر زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سانحہ اے پی ایس کے 10 سال ہونے پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے شہدائے اے پی ایس کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس جیسے واقعات دہشتگردوں اور خوارج کا اصل چہرہ بے نقاب کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے ہمیں دہشتگردی کے خلاف بحیثیت قوم متحد کیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
معصوم بچوں کی جدائی کا صدمہ مٹا نہیں: وزیر اعظم
اپنے پیغام میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ دہشتگرد 144 معصوم جانوں کو ہم سے ہمیشہ کیلئے جدا کرگئے، وقت اس سانحے اور ان معصوم بچوں کی جدائی کا صدمہ مٹا نہیں سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی ملک دشمن عناصر کی ایما پر دہشتگرد معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بناتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر سے ہمت اور جواں مردی سے نبرد آزما ہیں۔
بلاول بھٹو کا شہدائے اے پی ایس کو خراجِ عقیدت
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاورکے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ثابت قدم رہے گی، آنے والی نسلوں کومحفوظ بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اے پی ایس سانحے نے قوم کے ضمیر کو جھنجوڑ کر رکھ دیا، ہمیں دہشتگردی کے ناسور کے خلاف متحد کردیا۔
بلاول بھٹو نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائیں، انتہاپسندی کے بنیادی اسباب کو تعلیم، معاشی مواقع، سماجی ہم آہنگی سے حل کرنے کی ضرورت ہے ۔
آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے
سانحہ اے پی ایس کی یاد میں آج راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور سمیت مختلف اضلاع میں آج تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
محکمہ تعلیم نے سقوطِ ڈھاکا اور سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہدا کی یاد میں چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
گجرات اور سیالکوٹ میں بھی تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے آج بند رہیں گے۔