نوشکی، ماسٹر فرید بادینی کی بازیابی کیلئے احتجاجی ریلی


نوشکی(قدرت روزنامہ)استاد فرید احمد بادینی کی بازیابی کے لئے بی وائی سی اور ان کے خاندان کے جانب سے میر گل خان نصیر لائبریری سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ،ریلی جناح روڑ سے ہوتے ہوئے پریس کلب نوشکی پہنچی ۔مظاہرین نے استاد فرید احمد بادینی اور دیگر لاپتہ افراد کے بازیابی کے لئے شدید نعرے بازی کی ۔ریلی میں خواتین ،بچے بچیوں سمیت نوجوانوں اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں نے شرکت کی۔احتجاجی ریلی سے استاد فرید احمد کی صاحبزادی لبانہ بادینی،بیبرگ بلوچ، مابین بلوچ ،کامریڈ امین بلوچ،نیشنل پارٹی کے فاروق بلوچ، بی این پی کے میر خورشید جمالدینی،مولانا زکریا عادل ،جی ٹی اے کے ظاہر بلوچ،مشتاق بلوچ ،ماہ پارہ بلوچ و دیگر نے خطاب کیا ۔انہوں نے جبری گمشدگیوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے استاد فرید احمد کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے کے معمار بھی اب بلوچستان میں محفوظ نہیں، استاد فرید امراض قلب اور بلڈ پریشر کے مریض ہیں ان کی ایک مہینہ سے جبری گمشدگی سے خاندان میں انکی زندگی کے حوالے سے شدید تشویش پائی جاتی ہے انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر استاد فرید احمد بازیاب نہ کیا تو قومی شاہراہ پر غیر معینہ مدت کے لئے دھرنا دیا جائے گا ۔