ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں کی بچت، پی آئی اے کا کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان، آپ کب فائدہ اٹھائینگے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے بین الاقوامی پروازوں کے ٹکٹوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا ہے۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) کی چھوٹ کی منظوری دے دی ہے، جس سے کرایوں میں نمایاں کمی ممکن ہو گئی ہے۔
پی آئی اے کے مقامی ذرائع نے بتایا کہ یہ چھوٹ پاکستانی حکومت کی درخواست پر دی گئی ہے، جس سے مسافروں کو کافی مالی فائدہ ہوگا۔
بین الاقوامی پروازوں کے کرایے میں کمی کی تفصیلات:
امریکا جانے والے مسافر تقریباً 350000 روپے تک کی بچت کر سکتے ہیں۔
افریقہ اور مشرق وسطیٰ کے لیے سفر کرنے والوں کے ٹکٹ 105000 روپے تک سستے ہو سکتے ہیں۔
یورپ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، اور مشرق بعید کے مسافر تقریباً 210000 روپے تک کی بچت کر سکیں گے۔
یہ چھوٹ صرف بین الاقوامی پروازوں پر لاگو ہوگی جبکہ ملکی پروازوں پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی برقرار رہے گی۔
2024 کے وفاقی بجٹ میں پہلے ہی ہوائی سفر پر اضافی 56 ارب روپے کی ایف ای ڈی عائد کی گئی تھی، جسے اس اقدام سے جزوی طور پر کم کیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف نے نئے طیارے خریدنے یا لیز پر لینے کے لیے 18 فیصد سیلز ٹیکس سے استثنیٰ بھی منظور کر لیا ہے، جو پاکستان کی ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان اور امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو چکے ہیں۔
ڈی جی سی اے اے نادر شفیع ڈار کے مطابق پاکستان جلد ایف اے اے کے مالی معاملات نمٹانے کے بعد کیٹگری ون میں دوبارہ شامل ہو سکتا ہے، جس سے امریکا کے لیے براہِ راست پروازوں کی بحالی ممکن ہوگی۔
پی آئی اے نے امریکا کے لیے اپنی پروازیں 2017 میں معطل کر دی تھیں، جب ہفتہ وار 6 پروازیں نیویارک اور شکاگو کے لیے چلائی جاتی تھیں۔ اب توقع کی جا رہی ہے کہ یہ پروازیں دوبارہ شروع کی جائیں گی۔