اب یاد رکھنا ورنہ کھانا نہیں بنے گا، سردی میں کراچی میں کب سے کب تک گیس ملے گی؟
کراچی(قدرت روزنامہ)شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق متاثرہ علاقوں میں گلشنِ اقبال، نارتھ کراچی، سر سید ٹاؤن اور منظور کالونی شامل ہیں۔ اسی طرح خواجہ اجمیر نگری، نارتھ ناظم آباد، اور لیاقت آباد میں بھی گیس کی مکمل بندش کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
ملیر اور گلستانِ جوہر کے متعدد بلاکس میں بھی اچانک گیس کی فراہمی معطل ہوگئی، جس نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا۔
شہریوں نے شکایت کی کہ سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے گیس کی فراہمی کا وقت رات 10 بجے تک مقرر کیا گیا تھا، لیکن گیس ایک گھنٹہ پہلے ہی بند کر دی گئی۔
سردیوں کیلئے گیس فراہمی کا شیڈول
12 دسمبر کو سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے سردیوں کے لیے نیا گیس فراہمی پلان جاری کیا تاکہ صارفین کے لیے گیس کے دباؤ کو برقرار رکھا جا سکے۔
نئے پلان کے تحت صارفین کو دن بھر تین مختلف اوقات میں گیس دستیاب ہوگی:
1۔صبح 6بجے سے 9بجے تک
2۔دوپہر 12بجے سے 2بجے تک
3۔شام 6بجے سے 9بجے تک
ایس این جی پی ایل کا کہنا ہے کہ یہ شیڈول حکومتی ہدایات کے تحت ترتیب دیا گیا ہے تاکہ ان اوقات میں گیس مکمل دباؤ کے ساتھ فراہم کی جا سکے۔
عام طور پر سردیوں میں گیس کی کھپت میں اضافہ ہوتا ہے کیونکہ ہیٹر اور بوائلر کے استعمال کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔ مزید برآں، کم دن کی روشنی اور ناقص انسولیشن کی وجہ سے گرمی کا نقصان بھی گیس کے استعمال میں اضافے کا باعث بنتا ہے۔