اگر نظام بہتر ہوتو پاکستان کرکٹ کو بہتری سے کوئی نہیں روک سکتا، جیسن گلیسپی


آسٹریلیا(قدرت روزنامہ)پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا کہنا ہے کہ اگر نظام بہتر ہوتو پاکستان کرکٹ کو بہتری سے کوئی نہیں روک سکتا۔پاکستان کے سابق ہیڈ کوچ گلیسپی کا مستعفی ہونے کے بعد آسٹریلوی میڈیا کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، صحیح طریقے سے نکھارا جائے تو بہترین ٹیم بن سکتی ہے۔
سابق ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ بہت سی مثبت پیشرفت ہو رہی تھی مگر ٹیم کے انتخاب میں کوئی کردار نہیں دیا گیا، میرا کردار صرف میچ کے دن تک محدود ہوگیا تھا۔جیسن گلیسپی نے کہا کہ ٹم نیلسن کی برطرفی کے فیصلے پر مجھے بالکل بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، ٹم نیلسن کی برطرفی پر پی سی بی کی طرف سے اطلاع نہ ملنا ناقابل قبول تھا، ٹیم اور کوچنگ گروپ کی مثبت کارکردگی کے باوجود فیصلے حیران کن تھے۔