بلوچستان کا ضلع ژوب زلزلے سے لرزاٹھا، شدت 4ریکٹر سکیل ریکارڈ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان کا ضلع ژوب زلزلے سے لرز اٹھا، زلزلے سے لوگوں میں خوف و ہراس کلمہ پڑھتے ہوئے گھروں سے نکل آئے
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4 ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 33 کلومیٹر اور مرکز ژوب سے 61 کلومیٹر شمال مغرب کی جانب تھا۔
زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے پر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے، زلزلے سے کوئی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔واضح رہے چند روز قبل بھی اسلام آباد سمیت بیشتر شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔
نیشنل سیسمک مانیٹرنگ سینٹر اسلام آباد کے مطابق پیر کی صبح پہلا زلزلہ ریکٹر اسکیل پر 5 کی شدت سے ریکارڈ کیا گیا اور اس کا مرکز زمین سے 35 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ زلزلے کا مرکز ژوب سے 106 کلومیٹر جنوب میں تھا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز ضلع کوہلو سے 61 کلومیٹر شمال میں صرف 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
اس کے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ریکٹر اسکیل پر 3.9 شدت کا دوسرا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، جس کا مرکز ژوب سے 79 کلومیٹر جنوب میں 151 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکوں نے مقامی آبادی میں تشویش پیدا کر دی ہے تاہم فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔