مدارس بل ایکٹ بن چکا، گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے،اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کی سپریم کونسل نے کہا ہے کہ صدر کی جانب سے مدارس بل پر مقررہ وقت گزرنے کے بعد اعتراضات عائد کیے گئے جن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، اور ایسی صورت میں بل باقاعدہ ایکٹ بن چکا ہے، اس لیے گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
اتحاد تنظیمات مدارس کی سپریم کونسل کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان، مفتی منیب الرحمان، مفتی تقی عثمانی اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے جس میں کہا گیا کہ مدارس بل دونوں ایوانوں سے منظوری کے بعد صدر کو بھیجا گیا تو انہوں نے ایک غلطی کی نشاندہی کی، جسے درست کرنے کے بعد دوبارہ ایوان صدر کو ارسال کیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ صدر نے دوبارہ بل پر مقررہ وقت کے اندر اعتراضات عائد نہیں کیے جس کے بعد بل باقاعدہ ایکٹ بن چکا ہے، اس لیے حکومت گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہم بات چیت اور آئینی و قانونی طریقے سے مسائل کا حل چاہتے ہیں، اگر حکومت نے ہماری بات نہ مانی تو پھر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائےگا۔
انہوں نے کہاکہ 26ویں آئینی ترمیم کے موقع پر بل پاس کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا جو پورا ہوا، ہمارے مدعے کو سمجھا جائے، ہم کسی سے مقابلہ نہیں کرنا چاہتے۔
اس موقع پر مفتی منیب الرحمان نے کہاکہ اگر حکومت کی جانب سے ہماری بات پر دھیان نہ دیا گیا تو ہم دوبارہ اجلاس بلائیں گے، جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور اس پر عملدرآمد بھی ہوگا۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہمیں ملک کا امن عزیز ہے، ہم سے بڑھ کر کوئی محب وطن نہیں، سوال یہ ہے کہ صدر مملکت مقررہ وقت گزرنے کے بعد بل پر کیسے اعتراضات عائد کرسکتے ہیں۔