گاڑیوں کی درآمد، سعودی عرب نے شہریوں کی سہولت کے لیے ڈیجیٹل سروس متعارف کروا دی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی عرب میں زکوۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے ملکی و مملکت میں مقیم غیر ملکی شہریوں کے لیے گاڑیوں کی درآمد کو مزید آسان اور سہل بنانے کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل سروس کا آغاز کردیا ہے۔
اس سروس کے ذریعے سعودی شہری اور مقیم افراد براہ راست آن لائن پلیٹ فارم (zatca.gov.sa) کے ذریعے گاڑیوں کی درآمد کے عمل کو مکمل کرسکیں گے۔
سعودی زکوۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی کے مطابق گاڑیوں کی درآمد کے خواہشمند افراد کو پہلے اتھارٹی کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر رجسٹریشن کرنی ہوگی، رجسٹریشن کے بعد ’گاڑیوں کی درآمد‘ کے سیکشن میں جاکر ایک نئی درخواست درج کی جاسکتی ہے۔
جہاں درخواست گزار کو ضروری دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی تاکہ کسٹمز کے مراحل مکمل کیے جاسکیں۔
اتھارٹی نے مزید کہا ہے کہ گاڑیوں کی درآمد کے عمل کو مزید سہل بنانے کے لیے ایک تفصیلی رہنما ہدایت نامہ بھی جاری کیا گیا ہے، جس میں درخواست دینے کے تمام مراحل اور معلومات شامل ہیں،اس اقدام کا مقصد سعودی عرب میں ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دینا اور صارفین کے لیے تیز اور مؤثر سروس فراہم کرنا ہے۔
زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے اس نئی سروس کے ذریعے گاڑیوں کی درآمد میں شفافیت اور تیزی کو یقینی بنانے کا عندیہ دیا ہے، جو سعودی عرب کے تجارتی اور اقتصادی نظام میں بہتری کے عزم کا حصہ ہے۔
اتھارٹی نے شہریوں کی سہولت کے لیے کسٹمر سروس سینٹر کی خدمات بھی شہریوں کو فراہم کی ہیں، اس سروس سے متعلق کسی بھی معلومات یا مدد کے لیے افراد اتھارٹی کے کسٹمر سروس سینٹر (19993) سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
یہ مرکز ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کام کرتا ہے، اس کے علاوہ، صارفین اتھارٹی کے سوشل میڈیا ایکس پلیٹ فارم (@Zatca_Care) یا ای میل [email protected] کے ذریعے بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔
یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے، جس کا مقصد ڈیجیٹل سروسز کے فروغ اور صارفین کی سہولت کو یقینی بنانا ہے، زکوۃ، ٹیکس اور کسٹمز اتھارٹی نے تمام سعودی شہریوں اور مقیم افراد کو اس نئی سروس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔