سال 2024 میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت کیا رہی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کے معاشی حالات گزشتہ چند سالوں سے کافی مشکل دور سے گزر رہے تھے، روپے کی قدر دن بدن کم ہورہی تھی، ڈالر کی قیمت 300 روپے سے تجاوز کر گئی تھی جبکہ ڈیفالٹ کی تلوار بھی لٹک رہی تھی، جس کے بعد اب معیشت میں کچھ استحکام آیا ہے، ڈالر کی قیمت ایک جگہ برقرار ہے جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے نئے معاہدے کے بعد قرض کی قسط بھی مل چکی ہے۔
سال 2024 میں دیگر اشیا کی طرح پیٹرول کی قیمت میں اتار چڑھاؤ جاری رہا، مجموعی طور پر اس سال پیٹرول کی قیمت247.03 روپے سے 293.94 روپے فی لیٹر تک رہی۔
رواں سال کے آغاز میں یکم جنوری کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 267.34 روپے تھی جو کہ 16 اپریل کو بڑھ کر 293.94 روپے ہو گئی۔ جس کے بعد یکم اکتوبر کو پیٹرول کی قیمت سال کی کم ترین شرح 247.03 روپے فی لیٹر تک آگئی، اب پیٹرول کی قیمت 252.1 روپے فی لیٹر ہے۔
سال 2024 میں عالمی منڈی میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، خام تیل کی قیمت سب سے زیادہ 10 اپریل کو 91. 17 ڈالر فی بیرل اور کم سے کم 10 ستمبر کو 70.17 ڈالر فی بیرل رہی۔ سال کے آغاز میں 73.58 ڈالر فی بیرل جبکہ آج بھی قیمت 73.58 ڈالر فی بیرل ہے۔
رواں سال میں ڈالر کی قیمت میں بھی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا ہے، سال کے آغاز میں ڈالر کی قیمت 281.5 روپے تھی جو کہ اب کم ہوکر 277.93 روپے ہوگئی ہے، سال کے درمیان میں 2 اگست کو ڈالر کی قیمت کم ہوکر 274.53 روپے تک آئی تاہم اب ڈالر کی قیمت 277.93 پر برقرار ہے۔