15 سے 20 روز میں عمران خان کی رہائی کی پیشکش، شیر افضل مروت کا بڑا انکشاف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ 22 اکتوبر کو شروع ہونے والے مذاکرات 26 نومبر تک جاری رہے، اور ہمیں 15 سے 20 روز میں عمران خان کی رہائی کی پیشکش کی گئی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمارے ڈی چوک جانے کے فیصلے سے مذاکرات تعطل کا شکار ہوئے جو نہیں ہونے چاہیے تھے۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سول نافرمانی کی تحریک کا فیصلہ پارٹی قیادت کے کہنے پر ملتوی کیا ہے، لیکن یہ چند روز کی بات ہے، یہ بات درست نہیں کہ وہ اس کال سے پیچھے ہٹ گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ مذاکرات آگے نہ بڑھ پائیں، لیکن جب اوپر فیصلہ ہوجائے گا تو ان کو ساتھ ملنا پڑےگا۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ اب بھی کوششیں ہورہی ہیں کہ مذاکرات کا دوبارہ سے آغاز ہوجائے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے حکومت سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، لیکن ابھی تک بات چیت کا باضابطہ آغاز نہیں ہوسکا۔
دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ہمیں ابھی تک بات چیت کی کوئی آفر نہیں کی گئی، اگر تحریک انصاف بات چیت کرنا چاہتی ہے تو عمران خان خود یہ کہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *