جناح اسپتال سے متعلق عدالتی حکم پر وزیر صحت سندھ برہم، عدالت پر یکطرفہ فیصلے کا الزام

وفاقی ڈاکٹروں نے معاملات خوش اسلوبی سے حل نہ کیے تو وفاق واپس بھیج دینگے، عذرا افضل پیچوہو


کراچی(قدرت روزنامہ)وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے جناح اسپتال کے معاملات پر عدالتی فیصلے کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے وفاقی ڈاکٹروں کو معاملات خوش اسلوبی سے حل نہ کرنے پر واپس وفاق بھیجنے کا عندیہ دے دیا۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے قومی ادارہ برائے امراض قلب (این آئی سی وی ڈی) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں صحت کے شعبے کو ترجیح دے رہی ہے، ہر صوبے کے لوگوں کو سندھ کے اسپتالوں میں مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، سندھ حکومت مضبوط پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے مستحقین کی خدمت کر رہا ہے، تیمارداروں کے ویٹنگ ایریا کو ٹک ٹاک ایریا کا نام دیا گیا جو دلچسپ نام ہے، نیا او پی ڈی جب نئی عمارت میں منتقل ہوگا تو شعبہ حادثات کو بھی وسعت دی جائے گی تاکہ زیادہ عوام مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری اسپتال اور ادارے استحکام کے ساتھ کام کر رہے ہیں، جناح اسپتال کو پرائیویٹ سیکٹر کے تعاون سے بہتر کیا گیا ہے، این آئی سی وی ڈی اسٹروک انٹروینشن پروگرام موجود ہے۔ بلدیہ کا کارڈیک اسپتال جو ماضی میں کے ایم سی کے ماتحت تھا، اس اسپتال کی جگہ کو محکمہ صحت سندھ نے لوکل گورنمنٹ سے لے لیا ہے جس کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ لانڈھی میں دنیا کا سب سے بڑا امراض قلب اسپتال قائم کریں گے جس کی ڈیزائننگ مکمل ہو چکی ہے اور اس کے لیے کنسلٹنٹ بھرتی کیے جا رہے ہیں، اندرون سندھ مزید طبی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو علاج کی غرض سے کراچی نہ آنا پڑے۔ دل کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کی بڑی وجوہات موسمیاتی تبدیلی اور ذہنی دباؤ ہیں، جناح اسپتال میں زچہ و بچہ کی اموات کو مدنظر رکھتے ہوئے کارڈیک یونٹ قائم کیا گیا ہے، حالیہ برسوں میں ملک چھوڑ کر جا نے والے کئی ڈاکٹرز واپس آچکے ہیں۔
جناح اسپتال کے معاملات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متاثرین نے عدالت سے رجوع کیا ہے، عدالت کو یک طرفہ حکم نامے جاری کرنے کے بجائے دونوں فریقین کو سننا چاہیے، جناح اسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کو برطرف نہیں کیا گیا ہے، عدالت دونوں فریقین کو سن کر فیصلہ کرے، انہوں نے وفاقی حکومت کے ڈاکٹروں سے وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوش اسلوبی سے معاملات حل کریں ورنہ انہیں وفاق میں واپس بھیج دیا جائے گا۔