یونان کشتی حادثہ: زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں کے سنسنی خیز انکشافات


یونان(قدرت روزنامہ)یونان میں کشتیاں الٹنے کے واقعے میں زندہ بچ جانے والے پاکستانیوں نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔13 دسمبر کو یونان کےجزیرہ کریٹ کے جنوب میں کشتیاں الٹنےکا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 4 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔اب حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب حادثہ پیش آیا، سمندر میں حالات بہت خراب تھے، شپ میں 84 افراد تھے، حادثے میں درجنوں پاکستانی ہماری آنکھوں کےسامنےسمندرمیں ڈوب گئے۔
متاثرین نے انکشاف کیا کہ جس کشتی پر سوار تھے اس کا نہ انجن ٹھیک تھا، نہ واکی ٹاکی اور نہ ہی ڈرائیور ٹھیک تھا، حادثے کے بعد کارگو شپ نے ہمیں بچایا، ہمارے کپڑے، موبائل اور جوتے سب وہاں رہ گئے، اب ہمارے پاس کپڑے ہیں اور نہ ہی جوتے۔متاثرین نے بتایا کہ ہم اس وقت یونان کےکیمپ میں مقیم ہیں، پاکستان سے لیبیا پہنچے تھے وہاں ڈیڑھ دو ماہ بہت مشکل میں گزارے اور لیبیامیں ڈیڑھ دو مہینےرہے، وہاں سے 11 دسمبرکو شپ نکلی تھی۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل یونانی جزیرہ غاودوس، کریتی میں پناہ گزینوں اور تارکین وطن کو لے جانے والی لکڑی کی کشتی کے ڈوبنے کے بعد لاپتا افراد کی تلاش کے لیے کوسٹ گارڈ کا آپریشن جاری ہے۔یونان کے جنوبی جزیرے کریتی کے قریب تین کشتیاں الٹنے سے پانچ تارکین وطن جاں بحق اور 40 لاپتا ہوگئے تھے، جبکہ 39 افراد کو زندہ بچا لیا گیا، جن میں زیادہ تر پاکستانی ہیں۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ یونانی حکام کی جانب سے شیئر کی گئی تازہ معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 6 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی ہے۔ہفتے کو5 افراد کو مردہ حالت میں نکالا گیا، جبکہ ایک شخص کو تشویش ناک حالت میں اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔پاکستان کی وزارت خارجہ کے مطابق 47 پاکستانیوں کو ریسکیو کرلیا گیا، فی الحال لاپتہ افراد کی تعداد کا تعین نہیں کیا جاسکتا۔ترجمان کے مطابق لاپتہ پاکستانی افراد کے متاثرین کیلئے ہیلپ لائن نمبر جاری کردیا گیا ، متاثرہ خاندان 6943850188-0030 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ہمارا سفارت خانہ یونانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ بچ جانے والوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں اور لاشوں کو وطن واپس پہنچایا جا سکے۔
دوسری جانب یونان میں پاکستانی سفیر عامر آفتاب قریشی نے کہا کہ کشتی حادثے میں درجنوں پاکستانی اب بھی لاپتا ہیں، ریسکیوآپریشن جاری ہے مگر بچنےکی امیدیں کم ہیں۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق پاکستانیوں کی لاشیں سفارتخانہ اپنے خرچ پر پاکستان بھیجے گا۔واضح رہےکہ لیبیا سے غیرقانونی طریقے سے جانے والی5 کشتیوں پرپاکستانی سوارتھے، کشتیوں کو حادثہ ضرورت سے زیادہ افراد سوار ہونےکی وجہ سے پیش آیا، متاثرہ کشتوں میں پاکستانی بچےبھی تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *