ہمارے ہاتھ پر کسی کا خون نہیں، رینجرز کا شہید آپ کا ہی نہیں ہمارا بھی شہید ہے:علی محمد خان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تحریک انصاف کے رہنما و رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہمارے ہاتھ پر کسی کا خون نہیں، رینجرز کا شہید آپ کا ہی نہیں ہمارا بھی شہید ہے۔ ہمیں اور کچھ نہیں چاہیے ڈی چوک کے خون کا انصاف چاہیے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران علی محمد خان نے کہا کہ سیاستدان گولی نہیں چلاتے بات چیت کرتے ہیں، ہمارے دور میں پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے لانگ مارچ ہوئے لیکن کسی پر گولی نہیں چلائی۔ الحمد للّٰہ ہمارے ہاتھ پر کسی کا خون تو نہیں، رینجرز کا شہید آپ کا ہی نہیں ہمارا بھی شہید ہے، ہمیں اور کچھ نہیں چاہیے ڈی چوک کے خون کا انصاف چاہیے۔
‘جنگ ” کے مطابق انکا کہنا تھا کہ ہاتھ میں بندوق تھامے گھوڑے پر بیٹھ کر پاکستان آزاد نہیں ہوا تھا، قائداعظم نے ملک سیاسی جدوجہد سے حاصل کیا تھا۔ آج کہتے ہیں قائداعظم دو تو کام ہوگا ہمیں شرم آنی چاہیے، ہم لوگ منافقت کب ختم کریں گے قوم کے لیے ہم کیوں اکٹھے نہیں ہوتے۔16دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب ہم نے مغربی پاکستان کو حق نہیں دیا تو انہوں نے بنگلادیش بنایا، اگر ان کو حکومت بنانے دیتے تو کیا ہو جاتا؟