بالی ووڈ اداکار شکتی کپور اغوا کی سازش سے کیسے بچے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے مشہور اداکار شکتی کپور کے اغوا کا منصوبہ ناکام ہو گیا اور وہ بڑی سازش سے بچ گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک گینگ نے اداکار شکتی کپور کو اغوا کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن ان کی جانب سے ایونٹ میں شرکت کے لیے ایڈوانس رقم زیادہ مانگنے کے مطالبے کے باعث منصوبہ ناکام ہو گیا۔
پولیس کے مطابق اغوا کار کئی مشہور شخصیات کو تقریب میں مدعو کرتے اور ایڈوانس ادائیگی کے ساتھ ہوائی ٹکٹ بھی دیتے تھے تاکہ ان کا اعتماد حاصل کیا جا سکے تاہم شکتی کپور کی جانب سے بھاری معاوضے کے مطالبے پر ان کے اغوا کا منصوبہ منسوخ کر دیا گیا۔ اغوا کار وں نے شکتی کپور کو 5 لاکھ بھارتی روپے کی آفر دے کر تقریب میں مدعو کیا تھا تاکہ انہیں اغوا کیا جا سکے۔
یہ انکشافات اداکار مشتاق محمد خان کے اغوا کیس کی تحقیقات کے وقت سامنے آئے۔ پولیس کا بتانا ہے کہ اغوا کاروں کے گینگ کے 4 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مزید کی تلاش جاری ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتاق خان 24 گھنٹے تک اغوا کاروں کی تحویل میں رہے تھے، مشتاق خان کو میرٹھ میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کے بہانے اغوا کرلیا گیا تھا، اس تقریب میں شرکت کے لیے مشتاق کو ایڈوانس پیمنٹ اور ٹکٹس تک بھیجے گئے تھے۔
کامیڈین مشتاق خان جب دہلی پہنچے تو انہیں بذریعہ کار بجنور پہنچایا گیا جہاں پہنچ کر اغواکاروں نے مشتاق کو تشدد کا نشانہ بنایا اور 1 کروڑ بھارتی روپے تاوان طلب کیا۔ اغوا کار مشتاق کو تقریباً 12 گھنٹے تک تشدد کا نشانہ بناتے رہے، اس دوران انہوں نے ایک کروڑ روپے کے تاوان کا مطالبہ کیا اور وہ کامیڈین اور ان کے بیٹے کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ روپے نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔ مشتاق خان کے اغوا کاروں کی گرفت سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل بھارت کے ہی معروف اسٹینڈ اپ کامیڈین اور اداکار سنیل پال کو سالگرہ کی تقریب میں بلانے کے بہانے اغوا کیا گیا تھا اور وہ تاوان دے کر گھر واپس آئے۔