جاپان پاکستان کو مختلف منصوبوں کے لیے کتنی امداد دے گا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان اورجاپان کے درمیان گرانٹ پراجیکٹ پر دستخط ہوگئے جس کے تحت جاپان 9.91 ملین ڈالر کی ایڈ فراہم کرے گا،یہ رقم خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں زچہ بچہ کی صحت پر خرچ کی جائے گی۔
جاپان کے اسلام آباد میں سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے منگل کے روز پاکستان اور جاپان کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے، پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور جاپان کی جانب سے پاکستان میں تعینات قائم مقام سفیر تاکانو شوئچی نے معاہدے پر دستخط کیے۔
اس موقع پر جائیکا پاکستان کے چیف نمائندے ناؤاکی میاتا اور جوائنٹ سیکریٹری محمد یحییٰ اخونزادہ بھی اس موقع پر موجود تھے، مذکورہ رقم جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
معاہدے کے مطابق جاپان کے تعاون سے زچہ و بچہ صحت کے منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا میں ہزارہ ڈویژن کے 21 مراکزصحت میں جدید طبی آلات نصب کیے جائیں گے، تاکہ زچگی اور بچوں کی صحت کو بہتر بنایا جا سکے۔
اس منصوبے کا مقصد 2029 تک ادارہ جاتی ڈلیوریز، سی سیکشنز اور الٹراساؤنڈ معائنے کی تعداد میں اضافہ کرکے زچہ و بچہ کی شرح اموات میں کمی لانا ہے۔
نیز اس پراجیکٹ میں شامل سیلاب مینجمنٹ منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا اور پنجاب میں 45 ہائیڈرولوجیکل اور ہائیڈرولک نیٹ ورک نصب کیے جائیں گے اور خیبرپختونخوا میں دریا کے حفاظتی ڈھانچوں کی بحالی کی جائے گی۔
اس منصوبے کا مقصد سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنا اور بنیادی ڈیٹا کی دستیابی کو بہتر بنانا ہے، اس منصوبے میں ’بیلڈ بیک بیٹر‘ کا تصور اپنایا گیا ہے تاکہ سیلابی خطرات سے بچاؤ کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
اپنا وعدہ تقریباً مکمل کرلیا، جاپانی سفیر
اس موقع پر جاپان کے قائم مقام سفیر مسٹر تاکانو نے کہا کہ ان منصوبوں کے ذریعے جاپان نے جنیوا کانفرنس میں 77 ملین ڈالر امداد کے وعدے کو تقریباً مکمل کر لیا ہے۔
تاکانو نے کہا کہ یہ مکمل ہوکر عوام کی فلاح و بہبود میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
جائیکا پاکستان کے چیف نمائندے ناؤاکی میاتا نے صحت کے منصوبے کو زچہ و بچہ کی شرح اموات کم کرنے اور معیاری طبی سہولیات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے اہم قرار دیا۔