پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، پرتگال نے ورک ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پرتگال نے ویزا کے عمل کو ہموار بنانے اور غیرملکی تارکین وطن کو ایک ماہ کے اندر ورک ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پرتگال کی حکومت کی جانب سے یہ اعلان ویزا پروسیسنگ میں تاخیر، خصوصاً برازیلین درخواست دہندگان کی جانب سے کی جانے والی تنقید کے بعد کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ویزا کے انتظار کے وقت میں مزید اضافہ ہوا ہے، بعض درخواست دہندگان کو اس حوالے سے 6 ماہ تک کی تاخیر کا سامنا ہے۔ جون 2022 میں ایکسپریشن آف انٹرسٹ پروگرام کے خاتمے کے بعد سے اس طرح کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ قبل ازیں، اس پروگرام کے تحت سیاحوں کو ملک میں داخل ہونے کے بعد کام کی اجازت کے لیے درخواست دینے کی اجازت تھی۔
پرتگال کی لیبر مارکیٹ میں افرادی قوت کی نمایاں کمی کو پورا کرنے کے لیے فوری طور پر سالانہ 50 ہزار سے ایک لاکھ بین الاقوامی ورکرز کی ضرورت ہے۔ ایک اندازے کے مطابق، صرف تعمیرات جیسے شعبوں میں 80 ہزار کارکنوں کی ضرورت ہے۔ آجروں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ورکرز کی مطلوبہ تعداد کو پورا نہ کیا گیا تو اس کے باعث اقتصادی ترقی میں رکاوٹ قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں ناکامی ہوسکتی ہے۔
پرتگالی حکومت نے مذکورہ مسائل کے حل کے لیے قونصلر سروسز کی جانب سے 20 دنوں کے اندر ویزا جاری کرنے کا فیصلہ کرنے کی تجویز پیش کی ہے، جس کے لیے قونصلر دفاتر میں 50 ملازمین کے اضافے، ایجنسی فار انٹیگریشن، مائیگریشن اور اسائلم (AIMA) کی ردعمل کی صلاحیت میں اضافے اور تیز تر پروسیسنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب، پرتگال میں امیگریشن کی وکیل الزبتھ لیما نے حکومتی تجاویز کے قابل عمل ہونے پر شکوک کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فی الحال ویزا حاصل کرنے میں مہینوں لگ جاتے ہیں اور 50 ملازمین کو قونصلر دفتر میں شامل کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، پرتگال میں متعدد قونصل خانے ہیں جبکہ ان کے وسائل ناکافی ہیں۔
الزبتھ کا کہنا تھا کہ ایک ماہ کے اندر ویزا پروسیسنگ عمل مکمل کرنے کے لیے نظام میں موجود خرابیوں کو دور کرنا اور وسائل میں اضافہ کرنا ناگزیر ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پرتگالی حکومت کی ویزا پروسیسنگ عمل کو تیز تر بنانے کی تجاویز ملکی معیشت اور بین الاقوامی ورکرز کے مفاد میں ہیں۔ تاہم، کامیاب ان پر عملدرآمد کے لیے اہم لاجسٹک اور آپریشنل چیلنجز پر قابو پانے کی ضرورت ہوگی۔