اسلام آباد پر پی ٹی آئی کی یلغار روکنے کے لیے کروڑوں روپے کیسے اور کہاں خرچ ہوئے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے پی ٹی آئی نے متعدد بار احتجاج کیے۔ 24 نومبر کو ڈی چوک میں عمران خان کی رہائی تک دھرنا دینے کی کال دی گئی اسلام آباد پولیس نے پی ٹی ائی کے احتجاج کے دوران سخت ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیتی رہی۔ 24 سے 26 نومبر کے دوران اسلام آباد پولیس نے 33 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات کیے۔
کنٹینرز کا کرایہ
وفاقی دار الحکومت میں احتجاج کو روکنے کے لیے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر سینکڑوں کنڈینٹرز لگائے جاتے ہیں ان کنٹینرز کو کرائے پر لایا جاتا ہے اور اب تک گزشتہ 5 ماہ میں جو کنٹینرز لگائے گئے ان کا کرایہ 45 کروڑ 68 لاکھ سے زائد ادا کیا جا چکا ہے۔
نومبر کے احتجاج کے دوران 30 مختلف مقامات کو سیل کرنے کے لیے 800 سے زائد کنٹینرز لگائے گئے تھے۔
گاڑیاں اور منتقلی
احتجاج کے دوران ایک مقام سے دوسرے مقام تک پولیس اہلکاروں کو منتقل کرنے کے لیے گاڑیاں کرائے پر لی جاتی ہیں، ان کو 19 کروڑ روپے سے زائد ادا کیے گئے ہیں۔ 8 کروڑ 27 لاکھ روپے پولیس اہلکاروں کے دوران ڈیوٹی کھانے پر خرچ کیے گئے ہیں۔
پیٹرول کا خرچ
احتجاج کے دوران پولیس کی اپنی گاڑیوں پر ایک کروڑ روپے سے زائد کا پیٹرول خرچ کیا گیا جبکہ گزشتہ 5 ماہ میں مجموعی طور پر 15 کروڑ 65 لاکھ روپے کا پیٹرول اور ڈیزل استعمال کیا گیا۔
صوبائی سیکیورٹی فورسز پر اخراجات
احتجاج کو روکنے کے لیے اسلام اباد پولیس کے علاوہ پنجاب پولیس، کشمیر پولیس اور ایف سی رینجرز کے علاوہ سندھ پولیس کے اہلکار بھی اسلام اباد طلب کیے جاتے ہیں ان تمام پولیس اہلکاروں پر مجموعی طور پر 21 کروڑ 21 لاکھ روپے کے اخراجات کیے گئے۔
اسپیشل اعزازی تنخواہ
احتجاج کے دوران ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو اسپیشل اعزازی تنخواہ بھی دی جاتی ہے، پانچ ماہ میں 10 کروڑ 72 لاکھ روپے اعزازی تنخواہ کی مد میں ادا کیے گئے 61 لاکھ روپے کیش انعام بھی دیا گیا، اس کے علاؤہ ٹریفک پولیس کو اہلکاروں کو بھی سپیشل ڈیوٹی دینے پر ایک کروڑ 29 لاکھ روپے ادا کیے گئے۔
اسلام آباد پولیس کا بجٹ
اسلام آباد پولیس کا مالی سال 24 25 کا بجٹ 13 ارب 49 کروڑ روپے مختص کیا گیا تھا پولیس کی جانب سے پہلے 5 ماہ میں 6 ارب 58 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات کر دیے گئے ہیں، جبکہ ائندہ 7 ماہ کے لیے اسلام اباد پولیس کے پاس 6 ارب 91 کروڑ روپے کا بجٹ موجود ہے۔