ماہرہ خان اداکاری میں زیادہ تجربہ کار نہیں، ٹی وی میزبان مزمل شاہ


لاہور (قدرت روزنامہ)ڈیجیٹل میڈیا اسٹار اور ٹی وی میزبان مزمل شاہ کا کہنا ہے کہ ان کے ذاتی خیال میں ماہرہ خان میں اداکاری کا زیادہ تجربہ نہیں۔
مزمل شاہ نے حال ہی میں نیو ٹی وی کے پروگرام ’زبردست‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت ملکی سیاسی حالات اور شوبز شخصیات کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔
پروگرام کے ایک سیگمنٹ میں انہوں نے پاکستانی اور بھارتی اداکاراؤں کی خوبصورتی اور اداکاری کے تجربے پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا۔
سیگمنٹ میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بھارتی اداکارہ مادھوری ڈکشٹ کو خوبصورتی کے حوالے سے پہلے نمبر پر رکھا جب کہ ماہرہ خان کو انہوں نے دوسری خوبصورت اداکارہ قرار دیا۔
ان کے خیال میں عالیہ بھٹ تیسرے جب کہ مہوش حیات خوبصورتی کے حوالے سے چوتھے نمبر پر ہیں۔ ان ہی اداکاراؤں میں مزمل شاہ نے اداکاری کے تجربے پر بھی اپنی رائے کا اظہار کیا اور انہوں نے باقی اداکاراؤں کے مقابلے ماہرہ خان کو کم تجربہ کار قرار دیا۔
مزمل شاہ نے اداکاری کے تجربے کے حوالے سے ماہرہ خان کو آخری یعنی چوتھے نمبر پر رکھا جب کہ مہوش حیات کو تیسرے نمبر، عالیہ بھٹ کو دوسرے اور مادھوری ڈکشٹ کو تیسرے نمبر پر رکھا۔
ٹی وی میزبان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے ماہرہ خان کو اداکاری کے حوالے سے زیادہ فالو نہیں کیا، تاہم اداکارہ کے حوالے سے جو عوام میں عام تاثر پایا جاتا ہے، وہ اس سے اتفاق نہیں کرتے۔
ان کے مطابق ان کے خیال میں ماہرہ خان اداکاری میں زیادہ تجربہ کار نہیں، انہوں نے ان کی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بھی دیکھی لیکن انہیں ان کی اداکاری سمجھ نہیں آئی۔
مزمل شاہ نے ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ میں حمزہ علی عباسی کی اداکاری کو سراہا اور کہا کہ ان کے خیال میں ماہرہ خان اداکاری کے حوالے سے زیادہ تجربہ کار نہیں۔ٹی وی میزبان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان سے متعلق کہی گئی ان کی بات پر میمز بھی بنیں گی۔
مزمل شاہ کی جانب سے ماہرہ خان کو اداکاری کے حوالے سے ناتجربہ کار کہنے پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں بھی لیا اور تبصرے کیے کہ انہیں اداکاری کا کچھ پتا نہیں، وہ کیسے کسی اداکار کے تجربہ کار یا غیر تجربہ کار ہونے پر بات کر سکتے ہیں؟