حکومت کے ساتھ مذاکرات، پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اجلاس کل طلب


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت ہوگی، اور حکومت سے مذاکرات کے معاملے پر مشاورت کی جائےگی۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں دیگر اپوزیشن سیاسی جماعتوں سے رابطوں پر مشاورت ہوگی، جبکہ پنجاب کے ارکان اسمبلی پر دباؤ اور دھمکیوں کے معاملہ پر بھی غور ہوگا۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مقدمات پر قانونی ٹیم بریفنگ دے گی، جبکہ 26 نومبر کے واقعہ کے بعد کی قانونی کارروائی پر گفت و شنید کی جائےگی۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف بالآخر حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے مان گئی ہے اور عمران خان نے اس کے لیے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔
دوسری جانب حکومت نے پی ٹی آئی کی جانب سے بنائی گئی مذاکراتی کمیٹی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں، تاہم پہلے ہی مطالبات تسلیم نہیں کیے جاسکتے۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جمعہ کو مصر سے واپسی کے بعد اجلاس ہوگا جس میں حکومت کی جانب سے مذاکرات کے لیے کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی جانب سے مطالبات کی منظوری کے لیے اتوار کی ڈیڈلائن دی جارہی ہے، لیکن اس دن تک تو صرف بات چیت کا آغاز ہوسکتا ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ اگر پی ٹی آئی کو سول نافرمانی کی تحریک کا شوق ہے تو پورا کرلیں، ان کو اس میں ناکامی ہوگی، ہم چاہتے ہیں کہ بات چیت آگے بڑھے اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔