وزیراعظم نے انسانی اسمگلنگ سے متعلق عوامی آگاہی مہم کی تفصیلات طلب کر لیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ سے متعلق عوامی آگاہی کیلئے چلائی گئی مہم کی تفصیلات طلب کر لیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کو روکنے کے معاملے پر سست اقدامات کے باعث ایسے واقعات کا دوبارہ رونما ہونا لمحہ فکریہ ہے۔
وزیر اعظم نے آئی بی ایم ایس نظام کے فوری نفاذ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 2023 میں یونان کے اسی علاقے میں 262 پاکستانی جان سے گئے تھے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھایا جائے۔
دوسری جانب یونان کشتی حادثہ کے بعد ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے گجرات میں مبینہ انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ملزم نے یونان حادثے میں جاں بحق حاجی احمد سے 25 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
خیال رہے کہ تین روز قبل یونان کےجزیرہ کریٹ کے جنوب میں کشتیاں الٹنےکا واقعہ پیش آیا تھا جس میں 5 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی جن میں ایک پاکستانی شہری بھی تھا۔
اس کے بعد گزشتہ روز مزید 4 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تھی اور درجنوں لاپتہ تھے۔ کشتیاں الٹنےکے واقعےمیں بچائےگئے افراد میں سے 47 پاکستانی شامل ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *