شادی کی تقریب کے دوران دولہا سردی لگنے سے بے ہوش، ہوش میں آیا تو دلہن نے کیا کیا؟حیران کن واقعہ

یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا، جب ارنَو نامی ایک نوجوان بہار کے بھاگلپور سے تعلق رکھنے والی انکیتا سے شادی کرنے والا تھا


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارت سے آئے روز ایسے عجیب و غریب واقعات کی خبریں موصول ہوتی ہیں جن میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر دلہن یا دولہا شادی سے انکار کردیتے ہیں۔
اسی طرح کا ایک واقعہ بھارتی ریاست جھاڑکنڈ میں پیش آیا جہاں سردی لگنے کے سب دولہا کے بے ہوش ہوجانے پر دلہن نے شادی سے انکار کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا، جب ارنَو نامی ایک نوجوان بہار کے بھاگلپور سے تعلق رکھنے والی انکیتا سے شادی کرنے والا تھا۔
شادی دولہے کے آبائی شہر میں ہونی تھی، کچھ غیر معمولی حالات کے درمیان منعقد ہوئی۔روایتی طور پر دولہے کے خاندان کی جانب سے لڑکی کے گھر بارات لائی جاتی ہے لیکن اس معاملے میں انکیتا کا خاندان بارات کو ارنَو کے گھر لے آیا، انکیتا نے روایت کے برعکس اس اقدام کے بارے میں پہلے ہی اپنے خدشات کا اظہار کیا تھا۔
شادی کا آغاز منصوبہ بندی کے مطابق تمام رسومات کے ساتھ ہوا، ور مالا کی رسم (پھولوں کے ہاروں کا تبادلہ) سرد موسم میں باہر پرفارم کیا گیا۔تمام مہمان اور میزبانوں نے دولہا اور دلہن کے ساتھ رات کا کھانا کھایا جس کے بعد پھیروں کی رسم انجام دی جانی تھی جو ہندو شادی میں آخری اور سب سے اہم رسم ہے۔تاہم، جیسے ہی پنڈت نے شادی کے منتروں کو پڑھنا شروع کیا، دولہا کانپنے لگا اور آخر کار کھلی فضا میں منڈپ میں گر کر بے ہوش ہوگیا۔
دولہے کے اہل خانہ اسے فوری طور پر قریبی کمرے میں لے گئے، جہاں انہوں نے اس کی ہتھیلیوں اور تلوے کو رگڑ کر اسے ہوش میں لانے کی کوشش کی، اسی دوران ایک مقامی ڈاکٹر کو بلایا گیا اور ڈیڑھ گھنٹے کے بعد آخر کار دولہا کو ہوش آیا۔
اس کے باوجود انکیتا نے اس ڈر سے کہ اس کے پیچھے کوئی بڑی بیماری ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے وہ سردی میں بے ہوش ہو گیا، ارنو کی صحت کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کیا۔اس نے یہ بھی سوال کیا کہ اس کے گھر والوں کو بارات کو دولہا کے گھر کیوں لے جانا پڑا، جس سے دونوں خاندانوں کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی۔
اسی الجھن کے درمیان انکیتا نے شادی کو جاری رکھنے سے انکار کر دیا، صورتحال سے پریشان دلہن کے اہل خانہ نے پولیس کو مداخلت کرنے اور تنازع کو حل کرنے میں مدد کے لیے بلایا۔پولیس نے دونوں خاندانوں کو شادی کو آگے بڑھانے پر راضی کرنے کی کوشش کی لیکن بات چیت میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی۔