ممتا کلکرنی 25 برس بعد ممبئی کیوں آئیں، اداکارہ نے وجہ بتا دی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی ماضی کی معروف اداکارہ ممتا کلکرنی 25 سال بعد اپنے وطن بھارت واپس آئی ہیں۔ وطن واپسی پر یہ چہ مگوئیاں کی جا رہی تھیں کہ آخر اداکارہ اتنے عرصے بعد واپس کیوں آئیں اور ان کے آنے کا کیا مقصد ہے۔
اداکارہ ممتا کلکرنی 25 سال بعد اپنے وطن بھارت واپس آنے کے بعد پہلی بار میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بالی ووڈ کے لیے واپس نہیں آئیں اور نہ ہی ایک اداکارہ کے طور پر اسکرین پر واپسی کا کوئی ارادہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ ماضی میں 10 دن کے لیے دبئی سے الہ آباد آئیں اور پھر واپس دبئی چلی گئی تھیں۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق، 52 سالہ ممتا کلکرنی کے خلاف منشیات کا مقدمہ درج تھا، جو ممبئی کی عدالت نے ناکافی ثبوت کی بنا پر خارج کردیا ہے۔
بھارت واپسی پہنچنے پر اداکارہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا، ’میں 2000ء میں ملک سے باہر گئی تھی، میں اس وقت بہت جذباتی ہوں، نہیں معلوم کہ اس کا اظہار کیسے کروں۔‘
ممتا کلکرنی نے کہا، ’میرا جہاز جب بھارت کی حدود میں داخل ہوا تو میں دائیں بائیں دیکھ رہی تھی، اپنے ملک کو 24 سال بعد دیکھا جس کے بعد میری آنکھیں بھر آئیں۔‘
انہوں نے کہا کہ میں اپنی زندگی سے خوش ہوں، جس وقت بھارت چھوڑا تو اس وقت میں فلم انڈسٹری کی ٹاپ کی اداکارہ تھی، مجھے 43 فلموں میں کام کی آفرز تھیں، میں نے یہ سب چھوڑ دیا ہے، اب میں فلموں میں واپس نہیں آنا چاہتی۔
یاد رہے کہ ممتا کلکرنی نے 1990 کی دہائی میں ‘کرن ارجن’ اور ‘بازی’ جیسی کامیاب فلموں میں اپنی اداکاری سے شہرت حاصل کی۔ اداکارہ نے اپنے کیریئر کے دوران شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان جیسے ٹاپ اسٹارز کے ساتھ کام کیا ہے۔ تاہم 2000 کی دہائی کے اوائل میں ممتا نے بالی ووڈ سے کنارہ کشی اختیار کی اور بیرون ملک چلی گئیں۔