ڈاکٹر ذاکر نائیک کی دریائے نیل میں تیراکی، 165 فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگانے کی ویڈیو وائرل


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ممتاز مبلغ اسلام اور مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک جنہیں دنیا بھر میں مسلمانوں کا چہرا سمجھا جاتا ہے، اور وہ ہزاروں کے اجتماعات میں دلیل کے ساتھ جواب دینے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں، ایک بار پھر خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔
کوئی مذہبی شخصیت ہو یا سیاسی، فرصت کے لمحات میں ہر کوئی زندگی کو انجوائے کرنے کی خواہش رکھتا ہے، ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بھی اسی فلسفے پر عمل کرتے ہوئے اپنے لیے وقت نکالا اور دریائے نیل میں تیراکی کی ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے 165 فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
ان دنوں ڈاکٹر ذاکر نائیک یوگنڈا کا دورہ کررہے ہیں، جہاں وہ مختلف شہروں میں اجتماعات سے خطاب کریں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کی جانب سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر یوگنڈا کے دورے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی گئی ہیں، جہاں وہ سخت سیکیورٹی حصار میں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہورہے ہیں۔ انہوں نے اپنے کچھ اجتماعات میں خطاب کی ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے دورے کے موقع پر اپنے اسٹاف اور بیٹے کے ہمراہ دریائے نیل میں تیراکی کی، اور اسی دریا کے کنارے واقع سیاحتی مقام پر چھلانگ لگا کر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کی ہیں۔
مذہبی اسکالر نے یوگنڈا کے مختلف تفریحی مقامات کی سیر کی اور ویڈیوز کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا، جہاں مداحوں نے انہیں سراہا۔
ڈاکٹر ذاکر نے لائف سیونگ جیکٹ پہن کر اسٹاف اور بیٹے کے ہمراہ دریائے نیل میں تیراکی کی، ایک ویڈیو میں ان کی کشتی کو الٹتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے یوگنڈا کے شہر جنجا کے سیاحتی مقام پر دریائے نیل کے کنارے 165 فٹ بلند پہاڑی سے چھلانگ لگانے کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی ہے اور صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے رواں برس اکتوبر میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر انہوں نے کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں اجتماعات اور تقریبات سے خطاب بھی کیا۔