بیوی کو سکون آور ادویات دے کر شوہر نے 80 اجنبی افراد سے زیادتی کرادی ، دل دہلا دینے والی تفصیلات سامنے آگئیں


پیرس(قدرت روزنامہ)فرانس میں اپنی بیوی گیزیلی پیلکوٹ کو نشہ آور دوا دے کر ان کا جنسی استحصال کرنے اور کم از کم 80 اجنبی افراد کو ان پر جنسی حملے کے لیے مدعو کرنے کے الزام میں مجرم قرار پانے والے شوہر کو 20 سال قید کی سزا سنادی گئی۔ یہ کیس نہ صرف فرانس بلکہ پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دینے والا تھا۔
نیوز 18 کے مطابق گیزیلی پیلکوٹ کو یہ جان کر شدید صدمہ ہوا کہ ان کے شریک حیات نے خفیہ طور پر انہیں سکون آور ادویات دے کر نہ صرف ان کا استحصال کیا بلکہ درجنوں اجنبی افراد کو بھی اس میں شامل ہونے کی دعوت دی۔ کیس کے دوران متاثرہ خاتون نے اپنی شناخت چھپانے سے انکار کر دیا اور مطالبہ کیا کہ مقدمہ عوامی سماعت کے لیے کھلا رکھا جائے تاکہ ان کے مجرموں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے۔
عدالت نے اپنے تاریخی فیصلے میں ڈومینیک پیلکوٹ کو بار بار اپنی بیوی کو نشہ آور دوا دے کر ان کا استحصال کرنے کا مجرم قرار دیا۔ اس مقدمے میں 50 شریک ملزمان میں سے پہلے 20 کو بھی مجرم قرار دیا گیا، حالانکہ کچھ نے دعویٰ کیا کہ وہ سمجھتے تھے کہ یہ ایک باہمی رضامندی پر مبنی کھیل تھا۔
ڈومینیک کو 20 سال قید کے ساتھ دیگر سنگین الزامات میں بھی مجرم قرار دیا گیا، جن میں ایک شریک ملزم کی بیوی کے خلاف جنسی زیادتی کی کوشش اور اپنی بیٹی اور بہو کی غیر اخلاقی تصاویر لینا شامل ہیں۔
پراسیکیوٹرز نے اس کیس میں ڈومینیک کے لیے 20 سال قید کی درخواست کی تھی، جسے ان کے جرائم کی سنگینی کے پیش نظر کم قرار دیا گیا۔ شریک ملزم جین پیئر مارشل کو 12 سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ دیگر مجرموں کو پانچ سے 13 سال تک کی سزائیں دی گئیں۔ ایک شخص کو مقدمے میں بری کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ یہ مقدمہ فرانس بھر میں مظاہروں کا باعث بنا اور اس نے ملک میں جنسی تشدد کے خلاف سخت اقدامات کے مطالبے کو مزید شدت دی۔
خاتون کو اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کا پتا ہی نہیں تھا کیونکہ وہ بیہوش ہوتی تھی۔ انہیں اس ظلم کا علم اس وقت ہوا جب پولیس نے چار سال قبل ان کے شوہر کے کمپیوٹر سے ویڈیوز اور تصاویر برآمد کیں۔ پولیس نے نومبر 2020 میں ڈومینیک کے کمپیوٹر کی اس وقت تلاشی لی تھی، جب وہ سپرمارکیٹ میں خواتین کے سکرٹ کے نیچے فلم بنانے کے الزام میں پکڑا گیا تھا۔ وہاں سے ان کی بیوی کے ساتھ زیادتی کی 20 ہزار تصاویر اور ویڈیوز ملی تھیں، جو 100 سے زائد مرتبہ ریکارڈ کی گئی تھیں۔