ملک میں مہنگائی کنٹرول ہو گئی، لیکن عوام تک ثمرات نہیں پہنچے، جمال شاہ کاکڑ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کنٹرول ہو گئی لیکن عوام تک ثمرات نہیں پہنچے اب وقت آگیا ہے کہ صوبائی حکومتیں مہنگائی سے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت نے اپنے حصے کا کام کردیا اب ذمہ داری صوبائی حکومتوں پر عائد ہوتی ہے تاکہ عوام کو مہنگائی سے چھٹکارا ملے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن)کوئٹہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے جب سے وزارت اعظمی کی کرسی سنبھالی ہے اس وقت سے لیکر آج تک ملک میں مہنگائی کے خاتمے کیلئے کوششیں کررہے ہیں اور وہ کوششیں بار آور ثابت ہو گئی ہے ملک میں پالیسی ریٹ 13 فیصد اور مہنگائی 4 فیصد پر آگئی ہے انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی، معیشت کی بحالی کے بعد اب صوبائی حکومتوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مہنگائی میں کمی کے بعد عوام کو ریلیف کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے کیوں کہ پرائس کنٹرول صوبائی حکومتوں و انتظامیہ کی ذمہ داری ہے تاکہ وفاقی حکومت کے اقدامات رائیگاں نہ جائیں عوام نے مشکل دن گزارے ہیں پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کی ہے لیکن ذخیرہ اندوزوں اور لالچ کی وجہ سے عوام ریلیف سے محروم ہیں جس کیلئے صوبائی حکومتوں کو آگے آنے کی ضرورت ہے تاکہ لوگ مشکلات سے نکل آئیں۔