پلیئرز کی کیٹیگریز پر فرنچائزز نے سوال اٹھا دیے

سابق ٹیسٹ کرکٹرز ٹی20 اسٹارز کی قسمت کا فیصلہ کرنے لگے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق ٹیسٹ کرکٹرز ٹی20 اسٹارز کی قسمت کا فیصلہ کرنے لگے، سلیکٹرز اظہر علی اور اسد شفیق کی جانب سے پی ایس ایل 10 کیلئے مقامی پلیئرز کی کیٹیگریز پر بعض فرنچائزز نے سوال اٹھا دیے۔
تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل میں مقامی پلیئرز کی کیٹیگریز فرنچائزز خود طے کرتی ہیں، ہر ٹیم کو دیگر 5 کے پلیئرز پر رائے دینے کا حق ہوتا ہے، البتہ اگر کوئی اختلاف سامنے آئے تو قومی سلیکشن کمیٹی فیصلہ کرتی ہے، اس بار سابق ٹیسٹ اسٹارز اظہر علی اور اسد شفیق کے ساتھ سابق امپائر علیم ڈار نے حتمی فیصلے کیے جس پر سوال بھی اٹھائے جارہے ہیں۔
ملتان سلطانز کے عثمان خان گزشتہ سیزن میں 107.50 کی اوسط سے 430 رنز بنا کر بابراعظم کے بعد دوسرے نمبر پر رہے تھے، انھوں نے 2 سنچریاں اور اتنی ہی ففٹیز بھی بنائی تھیں، اس کے بعد وہ بھی وہ ریگولر ٹی20 کرکٹ کھیلتے رہے اور پاکستانی اسکواڈ کا بھی حصہ ہیں، 4 فرنچائزز نے انھیں پلاٹینیم میں شامل کرنے کا ووٹ دیا لیکن اس کے باوجود ٹاپ کیٹیگری کے بجائے ڈائمنڈ میں رکھا گیا۔
لاہور قلندرز کے عبداللہ شفیق نے گزشتہ پی ایس ایل کے بعد سے کوئی ٹی20 میچ نہیں کھیلا لیکن وہ گولڈ سے ڈائمنڈ میں آگئے، کراچی کنگز کے حسن علی کو ڈائمنڈ سے پلاٹینم میں ترقی مل گئی، ریٹائرڈ محمد عامر اور عماد وسیم بھی ٹاپ کیٹیگری کا حصہ ہیں۔
حسن علی کی شمولیت کی وجہ کراچی کنگز کے پاس اس کیٹیگری کے کسی اور کرکٹر کا نہ ہونا قرار پائی۔
یاد رہے کہ ریلیگیشن اور ریٹینشن کا اعلان رواں ماہ کے اختتام پر ہوگا، پلیئرز ڈرافٹ 11 جنوری کو کراچی یا لاہور میں شیڈول ہے۔