بھارتی کرکٹ بورڈ کے بینک بیلنس نے دماغ چکرا کر رکھ دیا
سال 2024 میں بی سی سی آئی کے خزانے میں 67 ہزار 651 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد ہونے کا انکشاف
ممبئی(قدرت روزنامہ)دنیائے کرکٹ کے موجودہ امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا بینک بیلنس 20 ہزار 686 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سال 2024 میں بھارتی کرکٹ بورڈ کے بینک بیلنس میں 4 ہزار 200 کروڑ بھارتی روپوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 20 ہزار 686 کروڑ (یعنی پاکستانی روپوں میں 67 ہزار 651 کروڑ روپے سے زائد) ہے۔
بی سی سی آئی کی آمدنی کا ایک بڑا حصہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے میڈیا رائٹس کی فروخت اور دو طرفہ سیریز کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے حاصل ہونے والی آمدنی کا بھی سب سے بڑا حصہ دیا جاتا ہے، اسکے بعد انگلینڈ، آسٹریلیا اور پھر پاکستان کا نمبر آتا ہے۔
جون 2022 میں بھارتی بورڈ نے آئی پی ایل کے میڈیا حقوق 5 سال کی مدت کیلئے 48 ہزار 390 کروڑ روپے میں فروخت کیے تھے۔
اگلے مالی سال کے دوران بی سی سی آئی کو 10 ہزار 54 کروڑ روپے کی آمدنی متوقع ہے جبکہ اسکا بجٹ 2 ہزار 348 کروڑ ہے۔ اس تمام آمدنی میں سے بورڈ تمام 38 اسٹیٹس کو سالانہ گرانٹ کی مد میں بھی بھاری رقم ادا کرتی ہے۔