وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی گوادر آمد، شپ بریکنگ یارڈ منصوبے پر بریفنگ

عوامی مفاد کے برعکس کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا، اور کثیر الجہتی مشاورت کے بعد ہی حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گوادر کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ منتخب علاقائی اراکین پارلیمنٹ اور چیف سیکرٹری بلوچستان بھی موجود تھے۔ وزیر اعلٰی کو گوادر سے متصل ساحلی علاقے سربندن میں شپ بریکنگ یارڈ کی مجوزہ سائٹ پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلٰی بلوچستان نے شپ بریکنگ یارڈ منصوبے کے حوالے سے مقامی آبادی کو فائدے اور نقصانات پر تفصیلی رپورٹ مرتب کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں۔
میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ کسی بھی منصوبے پر عمل درآمد سے قبل مقامی نمائندوں اور آبادی کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقامی ماہی گیروں کے تحفظات دور کیے بغیر اس منصوبے پر عمل درآمد بے سود ہوگا۔

وزیر اعلٰی بلوچستان نے کہا کہ عوامی مفاد کے برعکس کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا، اور کثیر الجہتی مشاورت کے بعد ہی حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقامی منتخب پارلیمانی نمائندے، عمائدین اور عوام سے مشاورت کرکے ایک قابل قبول فارمولا مرتب کیا جائے۔
اس دوران، وزیر اعلٰی نے ساحلی علاقوں میں غیر قانونی ٹرالنگ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہی صورتحال رہی تو آئندہ چند سالوں میں سمندری حیات معدوم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ٹرالنگ نے سمندری حیات کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے اور اسے سختی سے روکنا ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *