وزیر اعلٰی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا تربت، مند روڑ تعمیراتی منصوبے کا افتتاح

عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے تربت اور مند روڑ تعمیراتی منصوبے کا باضابطہ افتتاح کردیا۔ یہ منصوبہ 19.50 ارب روپے کی لاگت سے تین سال میں مکمل ہوگا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر پانچ ارب روپے جاری کردئیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے منصوبے کی تکمیل کے لیے ایف ڈبلیو او کی معیاری خدمات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام کے معیار میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
چیف سیکرٹری بلوچستان کی سربراہی میں ایک کمیٹی منصوبے کی نگرانی کرے گی۔ وزیر اعلٰی نے ہدایت دی کہ منصوبہ تین سال کے بجائے دو سال میں مکمل کرکے عوام کو سہولت فراہم کی جائے۔

میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام اور نوجوانوں کو ترقی کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، اور دنیا بھر کی ممتاز یونیورسٹیوں میں بلوچستان کے نوجوانوں کو پی ایچ ڈی کے لیے اسکالرشپس دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کے حامل طالب علموں کے تعلیمی اخراجات صوبائی حکومت برداشت کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *