میزان بینک نے صارفین کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری کردیں


کراچی (قدرت روزنامہ)میزان بینک نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی حالیہ افواہوں کے جواب میں ہدایت جاری کی ہیں جن میں ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز پر غیر مجاز چارجز کا ذکر کیا گیا ہے، بینک نے اپنے صارفین کو یقین دلایا کہ ان کے ڈیٹا میں کوئی خلا نہیں آیا ہے اور ان کی ذاتی معلومات مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
اس ہدایت میں زور دیا گیا کہ میزان بینک پی سی آئی سرٹیفائیڈ ہے اور اس کے تمام کارڈز ای ایم وی اور تھری ڈی سیکور معیار کے مطابق ہیں۔ بینک نے وضاحت کی کہ حالیہ متنازعہ لین دین غیر محفوظ ای کامرس کی سرگرمیوں سے منسلک تھے اور بین الاقوامی ادائیگی سکیموں کے چارج بیک عمل کے ذریعے ان کی واپسی کی جا رہی ہے۔ متاثرہ صارفین کو فوری طور پر ہرجانہ دیا جا رہا ہے۔

آن لائن لین دین کو محفوظ بنانے کے لیے میزان بینک نے صارفین کے لیے درج ذیل احتیاطی تدابیر فراہم کی ہیں:
غیر معتبر ویب سائٹس پر کارڈ استعمال سے گریز کریں۔
عوامی وائی فائی پر بینکنگ لین دین کرنے سے پرہیز کریں۔
ای میلز، پیغامات، یا کالز کے ذریعے کارڈ کی تفصیلات یا او ٹی پی مانگنے کی کوششوں کے بارے میں ہوشیار رہیں، چاہے وہ جائز معلوم ہوں۔
گمشدہ یا چوری شدہ کارڈز کی فوری طور پر بینک کو رپورٹ کریں۔
میزان بینک نے صارفین کو یقین دلایا کہ وہ معتبر ویب سائٹس پر اپنے کارڈز کا استعمال بے خوف ہو کر کریں اور عوام کو یقین دلایا کہ وہ صارفین کے مفادات کے تحفظ اور ڈیٹا سیکورٹی کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔