‘میں اپنی پرانی ٹک ٹاک ویڈیوز دیکھنا بھی پسند نہیں کرتی ” جنت مرزا کا انکشاف
لاہور(قدرت روزنامہ)مقبول ٹک ٹاکر جنت مرزا نے فلموں میں کام کرنے اور سینما کے مقابلے شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن کو زیادہ اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا انتخاب ٹک ٹاک ہوگا۔
ایک پوڈ کاسٹ میں سوال کےجواب دیتے ہوئے انہوں نےبتایا کہ انہیں ابتدائی طور پر سوشل میڈیا کا کوئی شوق نہیں تھا، انہیں والد کی طرح پولیس افسر بننے کا شوق تھا لیکن اتفاق سے وہ سوشل میڈیا سٹار بن گئیں۔انہوں نے بتایا کہ جس وقت 2017 میں انہوں نے ٹک ٹاک استعمال کرنا شروع کیا، اس وقت ایسی ویڈیوز کا ٹرینڈ تھا، جن میں 15 سیکنڈز کے اندر پوری کہانی بتائی گئی ہو اور انہوں نے اس وقت ایسی متعدد ویڈیوز بنائیں لیکن اب انہیں اپنی ویڈیوز بیکار لگتی ہیں، وہ انہیں دیکھنا بھی پسند نہیں کرتیں۔
جنت مرزا کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر انہیں اس بات کا احساس نہیں تھا کہ وہ ٹک ٹاک پر مشہور ہونے لگی ہیں اور لوگ انہیں فالو کر رہے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ لوگ انہیں جاننے لگے ہیں۔ان کےمطابق ایک بار کچھ نوجوان لڑکے ان کے پاس آئے اور ان کے ساتھ سیلفی بنوائیں، تب انہیں احساس ہوا کہ وہ مقبول ہوچکی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ پہلی بار انہوں نے اپنی چھوٹی بہن علیشبا کے ساتھ ایک ٹک ٹاک ویڈیو بنائی تھی جو کہ وائرل ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے ٹک ٹاک پر مزید ویڈیوز بنائیں اور یوں انہوں نے ٹک ٹاک کو اپنا لیا۔