معروف بھارتی فلم ’شعلے‘ کے اے آئی ورژن نے تہلکہ مچا دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جدید ٹیکنالوجی کے دور میں دنیا بھر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے چرچے ہیں جس کے ذریعے نیا خالص مواد بھی تخلیق کیا جا سکتا ہے اور پہلے سے موجود مواد کو من مرضی کے مطابق ڈھالا بھی جا سکتا ہے، اے آئی کے ذریعے ایسی ہی تبدیلیاں کئی دہائیوں تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کرنے والی فلم ’شعلے‘ کے ساتھ کی گئیں جس کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
اے آئی سے تخلیق کردہ وائرل کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے فلم میں گبرسنگھ، ٹھاکر کے ہاتھ کاٹنے کی بجائے انہیں گلے سے لگا لیتا ہے، فلم میں جس ’ٹھاکر‘ یعنی سنجیو کمار کے ہاتھ کاٹ دیے تھے ان کے ہاتھ واپس آ گئے، بسنتی ڈاکوؤں کے بجائے کتوں کے آگے ناچتی ہے جبکہ جیا بچن جن کے ہاتھ میں ماچس کی تیلی ہے اور وہ لالٹین جلا رہی ہیں اس کی جگہ ان کے ہاتھ میں سگریٹ آ جاتی ہے اور انہیں سگریٹ نوشی کرتے دکھایا گیا ہے۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے اس پر دلچسپ تبصرے کیے گئے۔ ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے ایک صارف نے اسے طاقت کا غلط استعمال قرار دیا۔
ایک بھارتی صارف نے لکھا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) بہت خطرناک ہے۔
ایک صارف نے مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی ویڈیو کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اے آئی کی جانب سے شعلے فلم کا بنایا گیا وہ ورژن ہے جسے وہ دیکھنا پسند کریں گے۔
واضح رہے کہ 1975 میں 15 اگست کو ریلیز ہونے والی فلم ‘شعلے’ میں امیتابھ بچن، دھرمیندر، جیا بچن، ہیما مالنی، سنجیو کمار اور امجد خان نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔ فلم میں ‘گبر سنگھ’ کا مشہور کردار مرحوم اداکار امجد خان نے ادا کیا تھا، اس کردار سے اُنہیں دُنیا بھر میں خوب شہرت ملی تھی۔