ریاست کا کام صلح کا راستہ اختیار کرنا ہے ، وزیرداخلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہےکہ ریاست کا کام صلح کا راستہ اختیار کرنا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ٹاکرے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ساری قوم آج روایتی حریف میچ کی منتظر ہے ، انڈیا کا میچ آج تک کبھی مس نہیں کیا لیکن وزیراعظم کی ہدایت پر واپس آیا، پاکستان ٹیم کو اللہ کامیابی عطا کرے۔
شیخ رشید نے کہاکہ ہمارا فائنل تو آج ہی ہے، کشمیریوں سے ساتھ بھارت جو سلوک ہورہا ہے اسکی وجہ سے ہمارا جوش ولولہ اور زیادہ بڑھ جاتا ہے، اللہ پاکستان کو کامیابی دے تاکہ قوم میں خوشی کی لہر پیدا ہو، فیورٹ کھلاڑی سب کہیں گے بابر ہے ساری کرکٹ ٹیم اس کے پیچھے کھڑی ہے۔
وزیرداخلہ نے موجودہ حالات پر بات کرتے ہوئے کہاکہ کالعدم تنظیم ٹی ایل پی سے آٹھ گھنٹے مذاکرات ہوئے ، مذہبی جماعت سے تفصیلی بات چیت ہوئی، تمام کیس واپس لینگے اور شیڈول فورتھ کا بھی جائزہ لینگے، سعد رضوی کی رہائی کےحوالےسےکام جاری ہے، طےہوا ہے بدھ تک ان کےکیسزواپس لیں گے۔
شیخ رشید نے کہاکہ ریاست کا کام صلح کا راستہ اختیار کرنا ہے، مذاکراتی کمیٹی کاحصہ نہیں بنناچاہتاتھا، درخواست پرحصہ بنا، ریاست کا کام ڈنڈا چلانا نہیں بلکہ بات چیت کرناہے، راولپنڈی اوراسلام آباد کی انتظامیہ سے گزارش ہے کنٹینرزہٹادیں، مظاہرین منگل تک مرید کےمیں ہی پڑاؤکریں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہاکہ راولپنڈی،اسلام آباد کےلیے مشترکہ کمیٹی بنارہےہیں، جو ان دونوں شہروں کےانتظامات کومشترکہ کمیٹی دیکھےگی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ٹی آئی کااگلا بجٹ الیکشن بجٹ ہوگا، تمام سیاسی جماعتوں سےمذاکرات کیلئےتیارہوں،احتجاج سیاسی جماعتوں کاحق ہے، ٹکراؤنہیں ہونا چاہیے، حکومت کا کام جوڈوکراٹےکرنا نہیں، لچک رکھنی چاہیے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ فیٹف میں ابھی ایک پوائنٹ ہمارا رہتا ہے، پاکستان دنیا کی واحد ایٹمی قوت ہے،عالمی دباؤہے ، فیٹف میں بھی ایک پوائنٹ کم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فرانس کے سفیر کے حوالے سے بھی بات ہوئی، ہم نے اس مسئلہ پر دستخط کیے ہیں نورالحق قادری کے ساتھ ، فرانس کے سفیر اس وقت ملک میں ناظم الامور کام کر رہے ہیں۔
شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں مزید بتایاکہ اس وقت جنرل فیض ہی ڈی جی آئی ایس آئی ہیں، عمران خان 5 سال مکمل کریں گے، ہمدردی عمران خان کے ساتھ ہے،اسی کےساتھ آیا ہوں،اسی کے ساتھ جاؤں گا۔