190 ملین پاؤنڈ کیس کا کچھ بھی فیصلہ آئے حکومت پی ٹی آئی مذاکرات آگے بڑھنے چاہییں، رانا ثنااللہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا فیصلہ کچھ بھی آئے حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھنا چاہیے، سیاسی مسائل کا بات چیت کے علاوہ کوئی حل نہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے ساتھ ہر ایشو پر بات چیت ہو سکتی ہے لیکن یہ گارنٹی نہیں کہ کون سی بات مانی جائےگی۔
انہوں نے کہاکہ ن لیگ میں یہ احساس موجود ہے کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات سے ہوگا، اسپیکر کا آج وزیراعظم سے رابطہ ہوا ہے، ایک دو روز میں کمیٹی بنانے پر پیشرفت ہو جائے گی۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ تحریک انصاف حکومت کے ساتھ بے شک رابطہ نہ کرے لیکن اسپیکر آفس کے ساتھ رابطہ رہنا چاہیے، اور میری معلومات کے مطابق وہ ہے۔
انہں نے کہاکہ جن چیزوں کی شکایات پی ٹی آئی کررہی ہے یہ ہم بھگت چکے ہیں، جب ٹیبل پر بیٹھیں گے تو ان کو یاد کرائیں گے کہ یہ سب 2018 سے ہو رہا ہے۔
مشیر وزیراعظم نے کہاکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا جو معاملہ ہے وہ ہمارے ہاتھ میں نہیں، اس کا جو بھی فیصلہ ہو مذاکرات کا عمل رکنا نہیں چاہیے۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ہے جس میں مدارس رجسٹریشن بل سے متعلق معاملہ حل ہونے کی امید ہے۔
رانا ثنااللہ نے کہاکہ اب وزارت قانون اس پر جو بھی رائے دے گی وہ دونوں فریقین کو قبول ہوگی، مولانا فضل الرحمان کی ملاقات اگر 10 روز پہلے ہو جاتی تو پہلے ہی مسئلہ حل ہو جانا تھا۔
انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کا مؤقف ہے کہ ان کے مدارس کو سوسائٹیز ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ کیا جائے، تاہم جو مدارس دیگر بورڈز کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں اس پر بھی ان کا کوئی اعتراض نہیں۔