بلوچستان کی پسماندگی اوراحساس محرومی دور کرنے کیلئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھائیں گے، علی مدد جتک
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے رکن سابق صوبائی وزیر حلقہ پی بی 45 کوئٹہ سے امیدوار حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام ، مزدور کسانوں ، ملازمین کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لئے کلیدی کردار ادا کیا ہے پارٹی کی ترقی پسندانہ اور خوشحالی کی پالیسیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے لوگ جوق در جوق پارٹی میں شامل ہورہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے میر ظفر کی اپنے ساتھیوں پارٹی میں شمولیت کے موقع پر انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ایک اور بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے حلقہ پی بی 21 سے میر علی حسن زہری کی کامیابی سے پارٹی صوبے میں مزید مضبوط ہوئی ہے اور پیپلزپارٹی نے ہر دور میں اقتدار میں آنے کے بعد بلوچستان کی تعمیر و ترقی، خوشحالی اور عوام کی بہتری کیلئے سنجیدگی کے ساتھ اقدامات اٹھاتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے ہیں جس کا مقصد بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کرنا ہے ہم سب نے ملکر بلوچستان کی ترقی ، عوام کی خوشحالی کو یقینی بنانے کے علاقے اور صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھا کر انہیں بروقت مکمل کرکے ان کے ثمرات عوام تک پہنچانے ہیں تاکہ لوگوں میں پایا جانے والا احساس محرومی ختم ہوسکے۔ اس موقع پر شامل ہونے والے ساتھیوں کو پارٹی پرچم کے مفلر گلے میں پہناکر خوش آمدید کہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کی فعالیت اور حالیہ انتخاب کے موقع پر کامیابی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔