’کلک بیٹ‘: یوٹیوب کا گمراہ کن ویڈیوز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)معروف ویڈیو شیئرنگ ایپ اور ویب سائٹ یوٹیوب نے ’کلک بیٹ‘ کے خاتمے کے لیے گمراہ کن ویڈیوز کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یوٹیوب کی جانب سے کلک بیٹ ویڈیوز کے گھمبیر مسئلے سے نمٹنے کے لیے گمراہ کن مواد کو ویب سائٹ سے ہٹانے کا عمل جلد ہی شروع کردیا جائے گا۔
یوٹیوب کی جانب سے سب سے پہلے انڈیا سے اس کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔ اس اقدام کے تحت پلیٹ فارم سے ایسی ویڈیوز کو ہٹایا جائے گا جن میں ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے ’بریکنگ نیوز‘ اور حالیہ واقعات کا احاطہ کرتے دھوکا دہی والے عنوانات اور تھمب نیلز کا استعمال کیا گیا ہوگا۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ انڈیا سے اس عمل کے آغاز کے ساتھ ہی دوسرے ممالک میں بھی ایسی ویڈیوز کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کردیا جائے گا۔
یوٹیوب کے اس فیصلے پر مختلف حلقوں کی جانب سے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں کہ آیا یوٹیوب ان تبدیلیوں کو کیسے نافذ کرے گا، کلک بیٹ کی وضاحت کیسے ممکن ہوگی، ویب سائٹ منصفانہ اور مستقل نفاذ کو کیسے یقینی بنائے گی۔
مزید برآں، یوٹیوب نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ وہ عنوانات، تھمب نیلز اور حقیقی ویڈیو مواد کے درمیان تضادات کا کیسے پتا لگائے گی۔ تخلیق کاروں اور ناظرین پر اس نئے اقدام کے اثرات کا تعین کرنے میں ان سوالات کے جوابات اہم ہوں گے۔