گاڑی مالکان کیلئے خوشخبری، بائیو میٹرک کی میعاد میں 2 ماہ کی توسیع


لاہور(قدرت روزنامہ)سندھ حکومت نے پرانی گاڑیوں کی بایومیٹرک کی میعاد میں دو ماہ کی توسیع کردی۔
صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ سے کار ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی۔ چیئرمین کار ڈیلرز ایسوسی ایشن محمد کامران خان کی سربراہی پر مشتمل وفد میں سلیم گوڈیل و دیگر بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے وفد کے مطالبے پر پرانی گاڑیوں کی بایو میٹرک کی میعاد میں دو ماہ کی توسیع کردی اور کہا کہ نمبر پلیٹس کی تبدیلی سے متعلق فیس کا آن لائن سسٹم جلد شروع ہوجائے گا، گاڑیوں کو نمبر پلیٹس اپلائی کرنے کے بعد فوری فراہم کردی جائیں گی، عوام کی سہولت کے لیے گاڑیوں کے ٹیکسز، رجسٹریشن و بائیومیٹرک کے طریقہ کار کو مزید آسان بنا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کے ٹیکسز، رجسٹریشن اور بایومیٹرک کے لیے صوبے بھر میں مزید سہولت مراکز (Facilitation Centers) قائم کیے جائیں گے، ہماری کوشش ہے کہ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کے اقدامات عوام دوست ہوں۔