موسم سرما میں بعض افراد کو الرجی اور خارش کیوں ہوتی ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سردیوں کے موسم میں جلد کے خشک اور مرجھانے سے جہاں بعض افراد کو چڑ چڑاپن اور الجھن ہوجاتی ہے، وہیں بعض افراد خارش کا شکار بھی بن جاتے ہیں۔
سردیوں میں جسم کو خشک ہونے سے بچانے کے لیے بعض افراد لوشنز اور کریموں پر ہزاروں روپے خرچ کرتے ہیں، تاہم اس باوجود کچھ افراد خارش سمیت دوسرے مسائل کا شکار بن جاتے ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق سردیوں میں جلد خشک ہوا کی وجہ اور جسم میں نمی کی کمی کے باعث خارش کے مختلف امراض کا شکار ہو جاتی ہے۔
سردیوں میں عام طور پر ’ایکزیما، ایکنی، چنبل، ہونٹوں اور ایڑیوں کا پھٹنا، جلد کا سخت خشک ہوجانا، سردیوں سے الرجی اور سردیوں میں جسم پر خارش ہوجانا عام مسائل ہیں، جو کہ عام طور پر سردیوں کا موسم ختم ہوتے ہی خود بخود ٹھیک ہوجاتے ہیں لیکن بعض افراد میں مذکورہ مسائل رہ جاتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایکزیما، یا ایٹوپک ڈرمیٹیٹائٹس سردیوں میں ہونے والا جلد کا ایک عام عارضہ ہے، جس سے خارش، سوجن والے دھبے ہوتے ہیں، یہ اکثر بچوں کو متاثر کرتا ہے لیکن بچوں کے علاوہ نوعمروں اور بڑوں کو بھی مختلف طریقوں سے متاثر کر سکتا ہے۔
اسی طرح ایکنی بھی سردیوں میں عام افراد اور خاص طور پر لڑکیوں کو بہت زیادہ متاثر کرتا ہے، یہ نو عمر افراد کو زیادہ ہوتا ہے۔
ایکنی میں کیل، مہاسے اور سرخ دانے نکلتے ہیں جو کہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں جب کہ بعض اوقات ایکنی تکلیف دہ بھی ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق بعض افراد کو سردیوں میں چنبل بھی ہوتا ہے جب کہ کچھ افراد کو سردی کے موسم سے الرجی بھی ہوتی ہے، جس وجہ سے وہ ہر وقت اپنے جسم میں خارش محسوس کرنے لگتے ہیں۔
سردیوں میں ہونے والی خارش اور خارش جیسی کیفیات سے بچنے کے لیے ماہرین امراض جلد سے رابطہ کیا جانا چاہیے، تاہم ایسے مسائل سے نمٹنے کے لیے گھریلو ٹوٹکے بھی آزمائے جا سکتے ہیں۔
خارش اور الرجی جیسے مسائل سے نمٹنے والے افراد کو ماہرین صحت کی تجویز سے اینٹی الرجی ادویات سمیت کریمز، لوشنز اور دیسی ٹوٹکوں کی مدد لینی چاہیے۔