آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا ممکنہ شیڈول سامنے آگیا

ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیمپئنز ٹرافی 2025 کا ممکنہ شیڈول سامنے آ گیاہے جس کے تحت ایونٹ کا فائنل لاہور میں ہوگا جبکہ بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں فائنل نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا ۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق ایک سیمی فائنل لاہور اور دوسرا سیمی فائنل نیوٹرل وینیو پر ہوگا، لاہور اور نیوٹرل وینیو پر چار میچ کھیلے جائیں گے، کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم اور پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم تین تین میچوں کی میزبانی کریں گے۔
ممکنہ شیڈول کے مطابق ایونٹ کا افتتاحی میچ 19 فروری کا میزبان پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کا سب سے بڑا مقابلہ پاک بھارت ٹاکرا 23 فروری کو نیوٹرل وینیو پر کھیلا جائے گا۔
پاکستان ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گا۔ بھارت اپنا پہلا میچ 20 فروری کو بنگلہ دیش جبکہ تیسرا میچ 2 مارچ کو نیوزی لینڈ کے خلاف نیوٹرل وینیو پر ہوگا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پہلا میچ 22 فروری کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ہوگا۔ افغانستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں 26 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں مدِمقابل ہوں گی۔
افغانستان اور آسڑیلیا کے درمیان میچ 28 فروری کو قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔ آسٹریلیا اور جنوبی آفریقہ کی ٹیمیں 25 فروری کو راولپنڈی میں ان ایکشن ہوں گی۔
بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 24 فروری کو راولپنڈی میں کھیلیں گی۔ ایونٹ میں یکم مارچ کو جنوبی آفریقہ اور انگلینڈ کے درمیان میچ کراچی میں کھیلا جائے گا۔
چیمپئنز ٹرافی کا پہلا سیمی فائنل 4 مارچ اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو ہوگا جبکہ فائنل میچ 9 مارچ کو شیڈول ہے۔ ایونٹ کے سیمی فائنلز اور فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔