مداح کی موت کو فلم پروموشن کیلئے استعمال کا الزام، الو ارجن پھٹ پڑے


ممبئی(قدرت روزنامہ)تیلنگانہ اسمبلی میں مداح کی موت کو فلم پشپا 2 کی پروموشن کیلئے استعمال کرنے کے الزام پر اداکار الو ارجن نے کرارا جواب دے دیا۔ یہ الزامات الو ارجن کی فلم ’پشپا 2: دا رول‘ کے پریمیئر کے دوران پیش آنے والے ایک واقعے سے متعلق ہیں، جس میں ایک خاتون کی موت واقع ہوگئی تھی جبکہ اس کا بیٹا تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔
تیلنگانہ اسمبلی میں اکبر الدین اویسی نے الزام لگایا کہ الو ارجن کو اس واقعے کی اطلاع دی گئی تھی، لیکن وہ پھر بھی فلم دیکھتے رہے۔اکبر الدین اویسی نے کہا کہ مجھے موصولہ معلومات کے مطابق فلم سٹار کو بتایا گیا کہ ایک عورت کی موت ہوگئی ہے اور ایک بچہ زخمی ہے لیکن انہوں نے صرف مسکرا کر کہا، ’اب فلم ہٹ ہو جائے گی۔وزیراعلیٰ ریوناتھ ریڈی نے الزام عائد کیا تھا کہ الو ارجن نے پولیس کی اجازت کے بغیر روڈ شو اور تھیٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے فلم انڈسٹری کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا کہ وہ اداکار کی حمایت کر رہی ہے۔
اداکار الو ارجن نے ہفتے کی شام جوبلی ہلز میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان الزامات پر وضاحت دیتے ہوئے وزیراعلیٰ تیلنگانہ اور اکبر الدین اویسی کو جواب بھی دے دیا۔ اپنے وکیل کے ساتھ کھڑے ارجن نے نہایت جذباتی انداز میں اسمبلی میں لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا اور کہا، ’جو کچھ ہوا، وہ ایک بدقسمت حادثہ تھا اور اس میں پولیس سمیت کسی کی بھی غلطی نہیں تھی۔الو ارجن کا کہنا تھا کہ ’میرے لیے سنیما گھر ایک مندر کی طرح ہیں اور اس واقعے نے مجھے بہت تکلیف دی ہے۔ یہ میرے کردار پر حملہ ہے۔ لوگ مجھے 20 سال سے جانتے ہیں، کیا میں ایسا کچھ کہہ سکتا ہوں؟
پشپا 2 کے اداکار نے وضاحت کی کہ تھیٹر کے دورے کے دوران پولیس سے اجازت لی گئی تھی اور یہ بات غلط ہے کہ وہ بغیر اجازت گئے تھے۔انہوں نے کہاتھیٹر انتظامیہ نے پہلے ہی پولیس کے ساتھ معاملات طے کر لیے تھے۔ وہاں کوئی جلوس یا روڈ شو نہیں تھا۔ میں صرف گاڑی سے باہر نکلا تاکہ مداحوں کو ہاتھ ہلا سکوں اور وہ میری گاڑی کو گزرنے دیں۔ یہ احترام کا اظہار تھا، نہ کہ غرور کا۔الو ارجن کا کہنا تھا کہ ’متاثرہ بچے کے خاندان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں۔ میں قانونی طور پر بندھا ہوا ہوں، اس لیے نہیں جا سکا۔ یہ میری زندگی کا پست ترین لمحہ ہے۔ میرے اپنے بچے بھی اسی عمر کے ہیں۔ کیا میں والد نہیں ہوں؟ کیا میں ان کے دکھ کو نہیں سمجھ سکتا؟‘الو ارجن نے یہ بھی بتایا کہ انکی ٹیم متاثرہ بچے کی مدد کا سوچ رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ فلم ٹیم متاثرہ بچے کےلیے فکسڈ ڈپازٹ اکاؤنٹ کھولنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
خیال رہے کہ 4 دسمبر کو الو ارجن نے اپنی اہلیہ سنیہا ریڈی اور معاون اداکارہ رشمیکا مندنا کے ساتھ فلم پشپا 2 کے پریمیئر میں شرکت کی تھی۔اس دوران مداحوں نے اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کی کوشش کی جس کے باعث ہجوم جمع ہوگیا جس کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں ایک خاتون کی موت واقع ہوگئی، جبکہ انکا بیٹا زخمی ہوا۔
اس واقعے پر ارجن کو 13 دسمبر کو گرفتار کیا گیا اور 14 دسمبر کو تیلنگانہ ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔